پاکستان اور بھارت نے ایٹمی ہتھیاروں کے حادثات سے بچائو کے لئے معاہدے کی مدت 5 سال بڑھا دی
نئی دہلی (آئی این پی)بھارت اور پاکستان نے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق حادثات کے خطرے کو کم سے کم کرنے سے متعلق دوطرفہ معاہدے کی مدت میں 5سال کی توسیع کردی۔ فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق حادثات کے خطرے کو کم کرنے سے متعلق معاہدے کے آرٹیکل 8کے مطابق دونوں ممالک نے معاہدے کی مدت میں پانچ سال کی توسیع کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔معاہدے کی موجودہ معیاد 20فروری 2017تک تھی ۔دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر 2007میں دستخط کیے گئے تھے جس کے مطابق دونوں ممالک جوہری ہتھیاروں سے متعلق کسی بھی حادثے کی صورت میں اپنے متعلقہ دائرہ اختیار میں ایک دوسرے کو مطلع کریں گے ۔