پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں فیصلہ خوش آئندانٹر نیشنل کرکٹ بحال ہو گی:سابق کرکٹرز
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق چیئرمین پی سی بی اور سابق ٹیسٹ کرکٹرز سمیت ہاکی اولمپیئنز نے پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود کا کہنا ہے پی ایس ایل انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ فیکا سے بھی بات کرئے تاکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی ایونٹ میں شرکت ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی اضافی معاوضہ لیکر آنے کو تیار ہیں تو انہیں دے دینا چاہئے۔ خالد محمود کا کہنا تھا چند غیر ملکی کھلاڑی بھی آ جاتے ہیں تو پی ایس ایل کامیاب ہو جاتی ہے۔لاہور میں فائنل میچ میں اگر غیر ملکی کھلاڑی نہیں بھی آتے ہیں تو ٹورنامنٹ کامیاب ہو جائے گا کیونکہ ہماری عوام پہلے ہی انٹرنیشنل کرکٹ کو ترستی ہوئی ہے۔ سابق چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے سے دشمنوں کو اچھا جواب جائے گا۔ پاکستانی عوام لمبے عرصے سے اپنے ملک میں کرکٹ کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ پی ایس ایل کا فائنل ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں پہلا قدم ہو گا۔ آہستہ آہستہ غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا پی ایس ایل مینجمنٹ کو چاہئے کہ وہ فیکا کے نمائندوں سے بھی ملاقات کر کے انہیں اپنا سکیورٹی پلان دے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کوچ اور پی ایچ ایف ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اولمپیئن نوید عالم کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونے سے دیگر کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کو بھی پاکستان لانے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی نہیں بھی آتے تو کوئی بات ن ہیں پاکستان سپر لیگ کی مینجمنٹ کو اپنے فیصلے پر برقرار رہنا چاہیے تاکہ مستقبل کے لیے ایک مثال قائم کی جا سکے۔ دریں اثناء لاہور کے مکینوں نے پی ایس ایل فائنل کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہوریے غیر ملکی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہیں گے اور حسب روایت ان کی مہمان نوازی کی جائے گی۔