پارٹی میں نئے لوگ شامل، نظریاتی کارکنوں کو اہمیت دی جائے: شجاعت
لاہور(خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت نے مرکزی نائب صدر اجمل خان وزیر کو خیبرپی کے اور فاٹا کیلئے پارٹی کا چیف آرگنائزر مقرر کر دیا اور یہاں ق لیگ کی تنظیم توڑ دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ یہاں پارٹی اجلاس میں کیا گیا جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ، مرکزی سینئر نائب صدور اجمل خان وزیر، محمد یوسف خان ہوتی، امتیاز احمد رانجھا اور خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداروں نے شرکت کی۔ چودھری شجاعت نے اس موقع پر کہا کہ مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دینے والے ہی اصل مسلم لیگی ہیں جو ابن الوقت ہمارے ساتھ مخلص نہیں وہ کسی اور کے ساتھ کیا مخلص ہوں گے۔ فاٹا کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں ان کی محرومیاں ختم کر کے انہیں پاکستان کے دوسرے صوبوں کے عوام کی طرح بنیادی انسانی حقوق اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اجمل خان وزیر کو ہدایت کی کہ پارٹی میں نئے لوگوں کو شامل کیا جائے، نظریاتی کارکنوں کو اہمیت دی جائے۔
شجاعت