لاہور ہائیکورٹ بار کے سابق صدر اور پی پی رہنما سینیٹر کاظم خان سپردخاک آصف زرداری کا اظہار تعزیت
لاہور ، دبئی (وقائع نگار خصوصی+ آن لائن) لاہور ہائی کورٹ بار کے سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر محمد کاظم خان کی نماز جنازہ گزشتہ روز اُن کی رہائش گاہ سے متصل گراﺅنڈ واقع فیصل ٹاﺅن میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں جسٹس علی باقر نجفی‘ سابق گورنر سردار لطیف خاں کھوسہ، جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمن رمدے‘ موجودہ و سابق ججز‘ بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں‘ سیاسی شخصیات‘ وکلاءاور مرحوم کے عزیزواقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو فردوسیہ قبرستان گجومتہ میں سپردخاک کردیا گیا۔ اُن کی رسم قل کل مورخہ 22 فروری بروز بدھ فیصل ٹاﺅن میں واقع اُنکی رہائش گاہ پر بوقت 2 بجے سے 4 بجے سہ پہر ادا کی جائیگی۔سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سینیٹر کاظم خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے جمہوریت اور پارٹی کیلئے انکی خدمات کو سراہا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مرحوم پارٹی کا بہترین اثاثہ تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے ۔
کاظم خان سپردخاک