• news

ہائیکورٹ نے اوگرا، نیپرا سمیت5 خود مختار اتھارٹیز کو وزارتوں کے تحت کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے اوگرا، نیپرا، پیپرا سمیت پانچ خود مختار اتھارٹیز کو وفاقی وزارتوں کے ماتحت کرنے کا حکومتی نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے سماعت کی۔ درخواست گزار شیراز ذکاء ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت نے قانونی طریقہ کار کے برعکس نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اوگرا، نیپرا، پی ٹی اے سمیت پانچ خود مختار اتھارٹیز کی حیثیت کو ختم کردیا۔ وفاقی وزارتوں میں ضم کی گئی پانچ خود مختار اتھارٹیز کو وزارتوں کے ماتحت کرنے سے قبل مشرکہ مفادات کونسل اور کابینہ سے منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ درخواست گزار وکیل نے موقف ا ختیار کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل اورکابینہ کی منظوری کے بغیر جاری کردہ نوٹیفکیشن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم نے انتظامی اختیار کے تحت خود مختار اتھارٹیز کو وفاقی وزارتوں کے ماتحت کرنے کی ہدایت کی جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ اس معاملے کو مشترکہ مفاد کونسل میں زیر بحث لانا قانونی تقاضا تھا یا نہیں؟ عدالت نے اوگرا، نیپرا، پیپرا سمیت پانچ خود مختار اتھارٹیز کو وفاقی وزارتوں کے ماتحت کرنے کا نوٹیفیکیشن معطل کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل کو طلب کرلیا۔

ای پیپر-دی نیشن