دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے حوصلے پست نہیں کرسکتے، حکومت اور فوج عوام کو مایوس نہیں کرینگے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے چارسدہ بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے کو کمزور نہیں کرسکتے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بزدل دہشت گرد پاکستانی قوم اور سکیورٹی اداروں کے حوصلوں اور عزم کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر ان کی یہ کوشش ناکام ہوگی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پورے پاکستان میں دہشت گردوں اوران کے مدد گاروں کے خلاف کارروائی ہورہی ہے ہماری فوج، سکیورٹی ادارے اور عوام دہشت گردی کے خلاف پہلے سے زیادہ مستحکم اور مضبوطی کے ساتھ جنگ لڑ رہی ہے۔ دہشت گرد وںکا کوئی مذہب اور قوم نہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔ قوم کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ حکومت اور افواج پاکستان آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گے، انشاء اﷲ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیں فتح ہوگی۔