جانتے ہیں بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے: آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے ہمیں بھارت کی سازشوں اور پاکستان و خطے میں دہشت گردی کی بھارتی حمایت کا بخوبی علم ہے۔ کل بھوشن یادیو کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے اور اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا'۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کے ماٹیوالا سیکٹر کا دورہ کیا اور وہاں تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاک فوج پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کو ہر طرح کی بھارتی اشتعال انگیزی سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنا فرض نبھائے گی۔ 'ہم خود ارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد میں مصروف مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے۔ علاقہ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 'سرحد پر کسی بھی قسم کی بھارتی اشتعال انگیزی اور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا بھرپور اور موثر جواب دیا جائے'۔ انہوں نے کہا کہ 'پاک فوج کے جوان اپنی پیشہ وارانہ اہلیت، جوش و جذبہ اور مادر وطن کے دفاع کے لیے بے غرض وفاداری کی وجہ سے دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں اور یہی صلاحیت پاک آرمی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں'۔ پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں سازش کے تحت کی جاتی ہیں۔ ایک جانب بھارتی اشتعال انگیزی کا مقصد کشمیر میں جاری بھارتی فوج کے مظالم سے توجہ ہٹانا ہے تو دوسری جانب یہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف ہماری کارروائیوں کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر ایل او سی کے اطراف عام شہریوں کو نشانہ بناتا ہے جو قابل مذمت ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آرمی چیف نے کہا پاکستان میں دہشت گردی میں بھارتی عزائم سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔ جانتے ہیں بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادیو بھارتی عزائم کا ثبوت ہے جس کے کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ آرمی چیف نے ہدایت دی کہ بھارت کی بلااشتعال سیزفائر کی خلاف ورزیوں کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے۔ آرمی چیف نے ایل او سی پر جوانوں سے ملاقات کی۔ انہیں آپریشنل صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے فوج کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے کہا پاکستان میں دہشتگردی میں بھارتی عزائم سے مکمل طور پر آگاہ ہیں بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادیو بھارت کے عزائم کا ثبوت ہے۔ دہشتگردی کو کیسے بھارتی سپورٹ ملتی ہے، جانتے ہیں۔ آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کا حکم دیدیا۔ آرمی چیف نے کہا بھارتی بلااشتعال سیز فائر خلاف ورزیوں کا بھرپور جواب دیا جائے۔ انہوں نے کہا پاک فوج ملکی دفاع کیلئے ہر وقت تیار اور پرعزم ہے۔ قوم کے تحفظ کیلئے پاک فوج ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ کشمیری حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کے ساتھ ہماری یکجہتی جاری رہے گی۔ بھارتی فوج ایجنڈے کے تحت ایل او سی پر صورتحال بگاڑ رہی ہے۔ بھارت دہشتگردی کیخلاف جنگ پر اثرانداز ہونا چاہتا ہے۔