• news

شہباز شریف نے نالج پارک کمپنی میں خلاف میرٹ بھرتیاں منسوخ کرنے کا حکم دیدیا

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیر صدارت 4 گھنٹے طویل اجلاس جس میں لاہور نالج پارک کمپنی کے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم نے لاہور نالج پارک کمپنی میں بھرتیوں اور خریداری کے عمل میں بے ضابطگیوں پر انکوائری رپورٹ پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے میرٹ کے برعکس تمام بھرتیاں فی الفور منسوخ کرنے اور قواعد و ضوابط کے برعکس خریداری کے عمل کو بھی فوری طورپر روکنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے خلاف ضابطہ بھرتی ہونیوالے افراد کو ملازمت سے فوری طورپر نکالنے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے فرائض کی انجام دہی میں غفلت بھرتنے پر چیف ایگزیکٹو افسر لاہور نالج پارک کمپنی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر جگہ میرٹ اور شفافیت کو فروغ دیا ہے اور میں نے آج تک میرٹ اورشفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، اس لئے سرکاری افسروں کو میرٹ اور شفافیت کی پالیسی کی خلاف ورزی نہیں کرنے دوں گا۔ وسائل قوم کی امانت ہیں جو ان میں خیانت کرے گا اسے قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ سرکاری افسران قواعد و ضوابط کی پابندی ہر صورت یقینی بنائیں ۔7روز میں لاہور نالج پارک کمپنی میں ہونیوالی بے ضابطگیوںکے حوالے سے حتمی رپورٹ پیش کی جائے اورغفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ سرکاری کمپنیوں کے امورکا متعلقہ محکمے خود جائزہ لیں۔ میرٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ اگر آئندہ میرٹ کی خلاف ورزی ہوئی تو متعلقہ محکمے کے سیکرٹریز اور کمپنیوں کے بورڈ ممبران ذمہ دار ہوں گے۔ پنجاب حکومت نے کمپنیوں کو چلانے کیلئے بہترین افراد پر مشتمل بورڈز تشکیل دیئے ہیں، اب ان بورڈز کی ذمہ داری ہے کہ معاملات کو شفاف طریقے سے چلایا جائے ۔ ہماری شفافیت کی پالیسی پر کوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا ۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کے اجلاس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت اور شہید پولیس افسروں، جوانوں اور دیگر افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ اس وقت پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے۔ دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے اتحاد و اتفاق کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح ہو نہیں سکتی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ اجلاس میں گریٹڈ کمانڈ کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن میں تعینات عملے کو تربیت کیلئے بیرون ملک بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سے رکن قومی اسمبلی عالم داد لالیکا نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت خدمت خلق کے ایجنڈا پر عمل پیرا ہے۔ محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے ہر ضروری اقدام کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن