الخالد ٹینک کی پاکستان میں مکمل تیاری کیلئے یوکرائن سے معاہدہ
الخالد ٹینک پاک فوج کا ایک اہم بنیادی جنگی ہتھیار ہے جو 1990ءکے اوائل میں ٹیکسلا ہیوی کمپلیکس میں چین کے تعاون سے تیار کیا گیا۔ اس وقت یہ اپنی سبک رفتاری اور کارکردگی کے باعث دنیا کے بہترین ٹینکوں میں شمار ہوتا ہے۔ دفاعی امور کے ایک جریدے نے امریکہ، برطانیہ، فرانس اور روس جیسے ترقی یافتہ ملکوں کے 20 بہترین ٹینکوں کی جو لسٹ شائع کی، اس میں الخالد ٹینک گیارویں نمبر پر ہے جبکہ اسکے مقابلے میں بھارت میں تیار ہونے والا ٹینک ارجن اس لسٹ میں جگہ ہی نہیں پا سکا۔ یہ بجا طور پر پاکستانی کاریگروں اور انجینئرز کی اعلیٰ فنی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس پر وہ قوم کی تحسین و مبارک باد کے مستحق ہیں۔ ماضی کی نسبت الخالد ٹینک کی کارکردگی اب کہیں زیادہ بہتر بنادی گئی ہے جس کے باعث ایک دنیا اس کی معترف ہے۔ ابوظہبی میں گزشتہ روز پاکستان اور یوکرائن میں اسکی تیاری کے حوالے سے تعاون کی ایک مفاہمت پر دستخط ہونا خوش آئند ہے۔ پاکستان اب یوکرائن کے تعاون سے الخالد ٹینک مکمل طور پر پاکستان میں تیار کر سکے گاجس سے ہمارا دفاعی حصار مزید مضبوط ہوگا۔ دونوں ملک اسکی تیاری اور موڈی فیکیشن میں تعاون کرینگے۔ پاکستان اور یوکرائن میں دفاعی شعبوں میں تعاون علاقائی سلامتی کیلئے اہم اور ناگزیر ہے۔ اسے زندگی کے دیگر شعبوں تک بڑھایا جا سکتا ہے۔