• news

بھارت مذموم مقاصد کیلئے افغانستان کو استعمال کر رہا ہے، راہداری محفوظ بنائیں گے: آئی جی ایف سی بلوچستان

چمن (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل ندیم احمدانجم نے کہا ہے بھارت اپنے مذموم مقاصد کیلئے افغانستان کو استعمال کر رہاہے ‘ بھارت نے افغانستان کو استعمال کر کے پاکستان میں دہشت گردی کی لہر پیدا کی ، غیور اور محب وطن قبائل کی موجودگی میں کوئی بدامنی نہیں کر سکتا ‘ اقتصادی راہداری کو ہر صورت میں محفوظ بنایا جائے گا۔ یہاں مختلف قبائل کے امن جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ مزید برآں آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم نے افغان بارڈر پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا، کمانڈنٹ کرنل عثمان نے پاک افغان سرحد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، آئی جی ایف سی نے کہا بارڈر پر ہر قسم کی غیر قانونی آمدورفت پر مکمل پابندی ہو گی، دشمن غلط فہمی میں نہ رہے، ملک کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن