• news

پنجاب میں رینجرز کو مکمل اختیارات سے ہی اہداف کا حصول ممکن ہے: قمرزمان کائرہ

ہارون آباد (نامہ نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے سابق گورنر پنجاب ورکرز رہنما پاکستان پیپلز پارٹی مخدوم سید احمد محمود، نتاشہ دولتانہ، چوہدری شوکت محمود بسراء اور ندیم افضل چن کے ہمراہ ہارون آباد میں پر ہجوم پریس کانفرنس میں کہا ہے پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی کا مطالبہ دیرینہ تھا اور پنجاب میں رینجرز کو دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں مکمل اختیارات دے کر ہی اہداف کا حصول ممکن ہے۔ پیپلز پارٹی نے سندھ میں دہشت گردی کے خلاف رینجرز آپریشن کو بااختیار بنایا۔ اب دیکھتے ہیں پنجاب میں حکمران کیسا رویہ اختیار کرتے ہیں۔ پولیس کی صلاحیتوں اور دیانتداری پر شبہ نہیں مگر پنجاب میں حکمرانوں نے کبھی پولیس کو کھل کر کام کرنے کا موقع نہیں دیا اور پولیس کو اقتدار کی طاقت کے ذریعے مفلوج بنانے کی کوشش کی۔ دہشت گردی کے ناسورکے خلاف حکومت کی سپورٹ اچھی نیت اور جذبے کے ساتھ کی ہے کیونکہ دہشت گردی سے نجات پانا ہر پاکستانی کی خواہش ہے قومی ایشوز پر ہمیشہ قومی سوچ اور پالیسی اپنائی۔ انہوں نے ہارون آباد میں پی پی پی کے مرکزی رہنما چوہدری شوکت محمود بسرا کے پی اے امتیاز حیدر کی ریلی کے دوران جاں بحق ہونے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ نے ہمیشہ سیاسی مخالفین کو طاقت اور تشدد کے ذریعے کچلنے کو اپنا وطیرہ بنایا، ہم انصاف کے لئے اور احتجاج کے لئے مظلوم خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور اس واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ دریں اثنا پی پی پی کے رہنمائوں قمر الزمان کائرہ اور مخدوم سید احمد محمود نے مقتول امتیاز حیدر کے والد کو دس لاکھ روپے کا چیک دیا اور امتیاز حیدر کے بچوں کے تعلیمی اخراجات پارٹی کی جانب سے ادا کرنے کا اعلان کیا۔ قمر الزمان کائرہ نے پریس کانفرنس میں شوکت محمود بسرا پر حملے کی بھی مذمت کی اور اسے باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا قرار دیا۔

ای پیپر-دی نیشن