ٹریفک حادثات: ایڈیشنل سیشن جج اہلیہ سمیت جاں بحق‘ 6 بچے‘ ڈرائیور زخمی
لاہور/ گڑھ مہاراجہ/ شورکوٹ/جکھڑ/ فیصل آباد/ میاں چنوں/ ٹوبہ ٹیک سنگھ /جعفرآباد (نامہ نگار+ نمائندگان) ٹریفک حادثات میں ایڈیشنل سیشن جج لیہ اور اہلیہ سمیت 13 افراد جاں بحق جبکہ 6 بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ نشتر کالونی میںخالد اپنی بیوی نائلہ اور پانچ ماہ کے بیٹے حسیب کے ساتھ موٹرسائیکل پر جارہا تھا کہ تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے انہیں ٹکر مار دی جس سے نائلہ اور اس کا پانچ ماہ کا بیٹا حسیب موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ خالد شدید زخمی ہو گیا ۔حادثے کے بعد ڈرائیو ٹریکٹر ٹرالی چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی قبضے میں لیکر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے ۔شورکوٹ پتن روڈ پل بنڈ ہ کے قریب کار اور ٹرک کے تصادم میں ایڈیشنل سیشن جج لیہ محمد اسلم گگڑانہ اور ان کی بیوی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے چھ بچے اور ڈرائیور شدید زخمی ہو گئے۔ اسلم گگڑانہ لیہ سے اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ شورکوٹ آ رہے تھے کہ بنڈہ پل کے نزدیک تیز رفتار ٹرک نے ان کی کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو 1122 نے ان کی بیوی اور بچوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پہچایا جہاں سے شدید زخمی حالت کے پیش نظر نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا جہاں ان کی اہلیہ مسرت بی بی بھی دم توڑ گئی جبکہ ان کے تین بچوں کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جاتی ہے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بار ایسوسی ایشن شورکوٹ کے وکلاء کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچ گئی۔ کمالیہ رجانہ روڈ بائی پاس کے نزدیک کار کی ٹینکر سے ٹکر کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا۔ کمالیہ بائی پاس رجانہ روڈ پر تیز رفتار کار تیزاب سے بھرے ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں میاں چنوں کے 35سالہ فاروق اور 40 سالہ صوفی محبت موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ محمد صابر اور محمد رضوان شدید زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ٹریفک حادثات میں ساس بہو سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ جڑانوالہ روڈ پر حادثہ کا شکار ہونے والی مدینہ آباد کی رہائشی 60 سالہ بشیراں اور چک نمبر203ر ب کی رہائشی 35سالہ شریفاں بی بی کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستہ میں ہی دم توڑ گئیں۔ عمیر ٹائون کا رہائشی 30 سالہ یوسف ولد الیاس موٹرسائیکل پر جاتے ہوئے بس کی ٹکر سے زخمی ہوا تھا جبکہ احمد نگر چنیوٹ کے غلام علی کی 3 سالہ بیٹی مناحل والدہ کے ہمراہ جاتے ہوئے رکشہ سے گر کر زخمی ہوئی تھی۔ دونوں الائیڈ ہسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ گئے ۔ میاں چنوں میں محفل میلاد سے واپس آنے والے افراد کی کار کمالیہ کے قریب سڑک کے کنارے کھڑے ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دوافراد موقع پر جاں بحق دو شدید زخمی ہو گئے۔ میاں چنوں کے رہائشی فاروق صدیق آستانہ عالیہ محبوبیہ کے گدی نشین پیر مغیب علی شاہ اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فیصل آباد سے واپس میاں چنوں آرہے تھے کہ کمالیہ کے قریب ان کی کار تیز رفتاری کے باعث سٹرک کنارے کھڑے ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں فاروق صدیق اور پیر مغیب علی شاہ موقع پر جاں بحق جبکہ محمد شبیر اور رانا رضوان شدید زخمی ہو گئے جنہیں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔ صحبت پور کے علاقے گوٹھ قاسم خان کھوسہ کے قریب باراتیوں کی بس نہر میں گرنے سے 5 باراتی جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور نعشوں کو نہر سے نکالا جبکہ متعدد زخمیوں کوتشویشناک حالت میں لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا، 8 سے زائد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ خوشیوں بھرا گھر ماتم میں تبدیل ہوگیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ موڑ کاٹتے تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔