پاکستان سپر لیگ : فائنل کے لئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ ملتوی
دبئی+لاہور (نمائندہ سپورٹس+خبر نگار) پاکستان سپر لیگ کے فائنل کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ ملتوی کر دی گئی ۔ پی ایس ایل انتظامیہ نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی بولی اب تین مارچ کو ہوگی ۔ سپر لیگ کا تیسرا مرحلہ آج سے دبئی میں شروع ہو گا۔ پہلا میچ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نوبجے شروع ہوگا۔ شکست کی صورت میں کراچی ایونٹ سے باہر ہو سکتی ہے۔پلے آف مرحلے میں رسائی کیلئے سنگاکارا الیون کو اگلے تمام میچ جیتنا ہوں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر ہے۔ صرف ایک میچ میں مزید فتح انہیں پلے آف مرحلے میں پہنچا دےگی۔لاہور قلندرز کا پوائنٹس ٹیبل پر دوسرا، اسلام آباد یونائیٹڈ کا تیسرا نمبر جبکہ پشاور زلمی چوتھی اور کراچی کنگز پانچویں پوزیشن پرہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور سمےر احمد سےدکی زیر صدارت پی ایس ایل کے فائنل میچ کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس قذافی سٹیڈیم میں ہوا۔اجلاس میں کرکٹ بورڈ کے حکام، پولیس، قانون نافذکرنےوالے اداروں کے افسران، سول ڈیفنس، واسا، ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سمےر احمد سےد نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ پی ایس ایل فائنل کے موقع پر بھرپور انتظامات کریں۔ تمام محکمے کل تک اپنے پلان کو مکمل کریں اور اگلے اجلاس میں اس کا جائزہ لیا جائےگا۔ چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ فائنل کےلئے دبئی سٹیڈیم کی بکنگ سٹینڈ بائی ہے۔تااحال کلیئرنس نہیں ملی ہے۔ اگر کلیئرنس نہیں ملتی تو اس کی ذمہ داری ہم پر نہیں ہو گی۔ ہماری طرف سے تمام کاغذی کارروائی مکمل کر کے حکومت اور سکیورٹی ایجنسیز کو بھجوا چکے ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان کیلئے تیار تاہم اس کا فیصلہ پلے آف کے تیسرے میچ کے بعد ہو گا۔ جو دو ٹیمیں فائنل میں آئیں گی ان کے کھلاڑیوں سے پوچھا جائےگا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے ویزوںکیلئے بھی رابطے میں ہیں۔ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں میں ویزے مل جائینگے۔ سکیورٹی حکام جلد اعلان کریں تاکہ ابہام دور کیا جا سکے۔ عوام کی خواہش پر پی ایس ایل کو پاکستان واپس لے جایا جا رہا ہے۔