• news

لاہور کراچی میں رینجرز اختیارات کے فرق سے نفرت بڑھے گی: قمر کائرہ

ساہیوال (نامہ نگار) رینجرز کے کراچی اور لاہور میں اختیارات کے فرق سے صوبوں میں نفرت بڑھے گی۔ اس امر کا اظہار پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے ساہیوال میں اخبار نویسوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی صفوں میں چھپے دہشت گردوںکے سہولت کاروں کے بارے میں حکومت کی حکمت عملی دیکھیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مجبوری کے تحت رینجرز کو اختیارات دیئے حالانکہ حکومت کے وزراءایک دوسرے کے خلاف الزامات لگا چکے ہیں اور وزیراعلیٰ نے اس کا کوئی نوٹس نہ لیا ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور دوسری تمام سیاسی جماعتیں لاہور اور گرد و نواح میں آپریشن کا کئی بار مطالبہ کر چکی تھیں لیکن حکمرانوں نے پولیس کو اپنی لونڈی بنا رکھا ہے حالانکہ پولیس میں بہت باکردار اور فرض شناس آفیسر بھی موجود ہیں اگر ان کو فری ہینڈ دے دیا جاتا تو آج رینجرز بلانے کی نوبت نہ آتی۔ انہوں نے کہا کہ اب طالبان کے ٹھکانوں کو ختم کرنے اورسہولت کاروں کو ان کے انجام تک پہنچانے کے لیے رینجرز کو کراچی کی طرز پر آپریشن کرنا چاہیے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن نے دہشت گردی کی حالیہ لہر کو وفاق اور پنجاب حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا۔
قمر کائرہ

ای پیپر-دی نیشن