• news

پاکستان کو خطرہ حافظ سعید نہیں کل بھوشن جیسے ایجنٹوں سے ہے: دینی، سیاسی رہنما

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران) مذہبی و سیاسی رہنماﺅںنے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی جانب سے حافظ محمد سعید کیخلاف دیئے گئے متنازعہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو خطرہ حافظ محمد سعید نہیں کل بھوشن جیسے بھارتی دہشت گردوں سے ہے۔ خواجہ آصف نےپا کستان کی بجائے بھارت کی ترجمانی کرکے پوری قوم کومایوس کیا ہے۔ ان کابیان حقائق کے منافی ہے‘ وزیراعظم نواز شریف کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ حکمرانوں کی جانب سے پاکستان میں دینی وفلاحی تنظیموں اور جماعتوں کو بدنام کرنے کے بھارتی و امریکی ایجنڈے پر عملدر آمد کیا جارہا ہے۔مودی سرکار کی خوشنودی کیلئے حافظ محمد سعید ودیگر رہنماﺅں کی نظربندی کو درست قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار سابق آرمی چیف جنرل(ر) پرویز مشرف، سردار عتیق احمد خاں، علی محمد خاں، اجمل خاں وزیر،حافظ عبدالغفار روپڑی، میاں مقصود احمد اورممتازحسین سہتو نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان کے سابق آرمی چیف اورآل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے حافظ محمد سعید و دیگر رہنماﺅں کی نظربندی اور خواجہ آصف کے متنازعہ بیان کیخلاف ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر میں بھارتی فوج جو کچھ ہو کر رہی ہے، انکے مقابلے میں لڑنے والوں کو دہشت گرد نہیں کہہ سکتے۔ مقبوضہ کشمیر میں لڑنے والے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ حق خود ارادیت مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کا حق ہے۔ جماعة الدعوة کے رہنماﺅںکی نظربندی ختم کردینی چاہیے۔ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے پیش کیے جائیں حکمران عالمی فورم پر خود مذمتی کی بجائے بھارت کی دہشت گردی کو موضوع بنائیں۔ تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہاکہ جرمنی میں خواجہ آصف کا بیان پاکستان کے وزیر دفاع کا کم اور ہندوستان کے وزیر دفاع کا زیادہ نظر آتا ہے۔ امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہاکہ خواجہ آصف کے بیان سے کشمیری و پاکستانی قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ انہیں پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ (ق) لیگ کے سینئر نائب صدر اجمل خان وزیر نے کہا کہ مودی کی ہارٹ آف ایشیا کی تقریر، ڈان لیکس اور حافظ محمد سعید کی نظربندی یہ سب کڑیاں ملتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ ڈان لیکس کی رپورٹ سامنے لائی جائے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے میونخ کانفرنس جرمنی میں پاکستان کی بجائے بھارت کی ترجمانی کرکے پوری قوم کومایوس کیا ہے۔ خواجہ آصف کابیان حقائق کے منافی ہے۔ وزیراعظم اس کا نوٹس لیں۔ دوسری طرف جماعة الدعوة پاکستان کی طرف سے وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے حافظ محمد سعید کے حوالہ سے دیے گئے بیان گزشتہ روز بھی جماعتہ الدعوة کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا جن میں خواجہ آصف کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا۔ اس دوران شدید نعرے بازی کی جاتی رہی۔ میرپور آزاد کشمیراور نواب شاہ سندھ میں بڑے احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور خواجہ آصف کے متنازعہ بیان کیخلاف سخت احتجاج کیا۔ مظاہرین کی جانب سے انڈیا کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ ایبٹ آباد میں جماعةالدعوة ہزارہ زون کے مسﺅل ابو ولید ہزاروی نے مقامی رہنماﺅں کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کی اور خواجہ آصف کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا۔جھنگ میں بھی جماعةالدعوة کے رہنما ابوالقاسم، جے یو آئی ف کے رہنما شہباز گجر، منشاءجھنگوی، طاہر خاں و دیگر رہنماﺅں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ حافظ محمد سعید کی پاکستان کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں‘ انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔ انہوں نے خواجہ آصف کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے انڈیا کوبین الاقوامی سطح پر پاکستان کیخلاف مزید الزام تراشیوں کا موقع ملے گا۔ پاکپتن میں وفاقی وزیر دفاع کی جانب سے حافظ سعید کے خلاف بیان دینے پر تحریک آزادی جموں کشمیر اور فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کے ضلعی امیر محمد اقبال سلفی تحصیل امیر طلحہ ایوبی سرپرست اعلٰی حاجی محمد اشرف سماجی تنظیموں کے رہنما حکیم لطف اللہ نے کی ریلی مسجد مبارک نگینہ چوک سے شروع ہوئی اور کالج روڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب پاکپتن پر اختتام پذیر ہوئی۔ مقررین نے کہا کہ حافظ محمد سعید نے ہر مشکل وقت میں قوم کا ساتھ دیا۔ سیلاب زلزلے، آفات پانی کی کمی خوراک کی کمی، خوشی، غمی میں قوم کا ساتھ دیا۔ خواجہ آصف کا بیان انتہائی غیر سنجیدہ ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ جماعت الدعوة اور تحریک نوجواناں اسلام ساہیوال ڈویژن کے زیر اہتمام بابے والا چوک دیپالپور بازار سے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کے سینکڑوں شرکاءنے مختلف بازاروں کے چکر لگانے کے بعد صدر چوک میں احتجاجی جلسہ کیا۔ ضلعی صدر حافظ محمد ارشد اور مفتی خالد مشتاق اور تحریک نوجواناں اسلام کے ڈویژنل صدر ظفر اللہ جمالی نے وزیر دفاع پر شدید نکتہ چینی کی اور حافظ سعید احمد کے بارے میں بیان کی شدید مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ پروفیسر حافظ سعید احمد کو فی الفور رہا کیا جائے اور وزیر دفاع کو برطرف کیا جائے ورنہ احتجاج جاری رہیگا۔
حافظ سعید/ دینی و سیاسی رہنما

ای پیپر-دی نیشن