• news

جہانگیر ترین ڈاکو، عمران منشی بنکر غلط کاموں کا دفاع کر رہے ہیں: عابد شیر

کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ سے نکالنے اور دھرنا سیاست کرنے والوں کا احتساب قوم کرے گی۔ عمران خان جہانگیر ترین کے منشی بنے ہوئے ہیں اور ان کے جہاز میں گھومتے ہیں۔ پاناما کیس میں وزیراعظم اور ان کی فیملی سرخرو ہوگی۔ لاڑکانہ میں ترقیاتی کاموں کے نام پر 90 ارب روپے کی خورد برد کی گئی اگر یہ رقم کراچی میں استعمال کی جاتی تو شہر پیرس بن جاتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو کراچی میںپورٹ قاسم پربن قاسم کول الیکٹرک پاور پلانٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ کوئلہ سے چلنے والے 1320 میگاواٹ کے اس پلانٹ کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا۔ عابد شیر علی نے کہا کہ یہ پراجیکٹ 1320 میگاواٹ پر مشتمل ہے۔ منصوبے پر انتہائی تیزی کے ساتھ کام جاری ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ یہاںجنات نے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کرپشن عروج پر ہے۔ کراچی کی حالت زار دیکھ کر مجھے افسوس ہو رہا ہے۔ شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور گندگی کا ڈھیر لگا ہے۔ میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ان کی ٹیم سے درخواست کروں گا کہ وہ کراچی کی صفائی کے لیے بھی اپنا کردار ادا کریں۔ عابد شیر علی نے کہا کہ سندھ کے سابق وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن مفرور ہیں۔ انہوں نے قوم کا پیسہ لوٹ کر خود ساختہ جلاوطنی اختیار کر رکھی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری سے کہوں گا کہ شرجیل میمن کو پکڑ کر واپس وطن لائیں۔ حکومت سندھ کو بھی چاہئے کہ وہ مفرور شرجیل میمن کو گرفتار کرے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جہانگیر ترین کے منشی بنے ہوئے ہیں اور غریبوں کا خون چوسنے والے کے جہاز پر گھومتے ہیں۔ جہانگیر ترین ڈاکو ہے جو غریبوں کا استحصال کرتا ہے۔ یہی جہانگیر ترین عمران خان کے گھر اور دیگر لوازمات کے خرچے برداشت کرتا ہے۔ عمران خان اسکے غلط کاموں کا دفاع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے لوگ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے تھے لیکن آج صنعتوں کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ کر دیا گیا اور وہاں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی ہے اور مجموعی طور پر بھی لوڈشینڈنگ کے دورانیہ میں کمی آئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خواب تعمیر و ترقی کا ہے جو جتنی چاہے رکاوٹیں ڈالے پاکستان ترقی کی منازل طے کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءمیں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ جنہوں نے ملک کو لوٹا ہے اور جنہوں نے دھرنے دیئے ہیں عوام ان سے پوچھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کام کی بنیاد پر 2018ءکے الیکشن میں عوام سے ووٹ مانگیں گے۔ مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کراچی سمیت سندھ سے نشستیں جیتے گی۔
عابد شیر

ای پیپر-دی نیشن