ڈیفنس دھماکے کی مذمت:افواہوں سے دہشت گردی کےخلاف عزم متزلزل نہیں کیا جا سکتا:مریم اورنگ زیب
اسلام آباد (آئی این پی+اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور میں دہشت گردی کے خطرات کے بارے میں سوشل میڈیا پرجھوٹی افواہیںپھیلائی جارہی ہیں ،حکومت نے لاہور میں دہشت گردی کی کوئی اطلاع جاری نہیں کی، عوام کوئی بھی معلومات شیئر کرنے سے پہلے تصدیق کریں ، افواہوں کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔ سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاہور کے افسوسناک واقعہ کے بعد افواہیں پھیلائی گئیں۔ مریم اورنگزیب نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا عوام کی حفاظت کیلئے اور بھی آپریشن کرنے پڑے تو کریںگے۔وزیر مملکت نے کہا کہ گزشتہ دنوں دہشتگردی کے واقعات پر میڈیا نے ذمہ داری کا ثبوت دیا۔میڈیا سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ مزید ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گا۔ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کا حوصلہ بلند رکھے، خوف و ہراس پھیلانا ہی دہشت گردوں کا مقصد ہے، بطور وزیر اطلاعات میڈیا سے درخواست ہے احتیاط اور ذمہ داری سے دہشتگردی کے واقعات کو رپورٹ کریں۔