• news

یوٹیلٹی سٹوروں کو غیرمعیاری اشیاء فراہم کرنے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کیا جائے: قائمہ کمیٹی

اسلام آباد (آئی این پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار نے یوٹیلٹی سٹورز پر غیر معیاری اشیاء کی فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ایم ڈی کو ہدایت کی ہے کہ کارپوریشن کو غیر معیاری اشیاء سپلائی کرنے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ اور محکمے کے ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرکے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کی جائے۔ کمیٹی نے فاٹا میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے زیادہ سے زیادہ سٹورز کھولنے کی بھی سفارش کر دی۔ ایم ڈی نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ بلوچستان میں یوٹیلٹی سٹورز میں35 کروڑ روپے کی خورد برد پر 10 ملازمین کے خلاف پرچہ درج کرا دیا گیا ہے۔ جمعرات کو کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ہدایت اللہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریاستیں و سرحدی امور نے فاٹا سیکرٹریٹ کے مالی سال 2017-18ء کے تحت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) منصوبوں کی منظوری دیدی۔ قائمہ کمیٹی نے فاٹا سے تعلق رکھے والے اراکین کی اپنے علاقوں میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں سے متعلق تجاویز بھی پی ایس ڈی پی منصوبوں میں شامل کرنے کی ہدایت کر دی۔ وفاقی وزیر سیفران نے کہا کہ فاٹا اصلاحات کو آئندہ ہفتہ حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے۔ فاٹا کے بے گھر و بحالی کیلئے 100 ارب روپے رکھے گئے تھے جس میں سے 38ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن