سرتاج عزیز کی جانب سے وزیرخارجہ کے اختیارات استعمال کرنے پر وفاقی حکومت سے جواب طلب
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی جانب سے وزیرخارجہ کے اختیارات استعمال کرنے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار خدائی خدمتگار نامی تنظیم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سرتاج عزیز کی بطور مشیر خارجہ تقرری کی گئی ہے مگر وہ غیر قانونی طور پر وزیر خارجہ کے اختیارات استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرتاج عزیز وازارت خارجہ کے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے احکامات دیتے اور بین الاقوامی معاملات میں وزیر خادجہ کی حیثیت سے شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشیر خارجہ کی حیثیت سے سرتاج عزیز اپنی گاڑی پرپاکستانی جھنڈا بھی نہیں لگا سکتے‘جس پر عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیئے۔