• news

ملک میں انصاف ہوتا تو دہشت گردی نہ ہوتی: شیخ رشید

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں انصاف ہوتا تو دہشت گردی نہیں ہوتی لیکن یہاں تو دہشتگردی ہو رہی ہے اور ریاست ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھی ہے اور پیسے باہر بھیج رہی ہے۔ پاکستان میں دہشتگردی کرنے والے لوگ باہر سے نہیں آئے بلکہ پہلے جو حکمرانوں کے منظور نظر تھے اب وہی لوگ ان کے گلے پڑ رہے ہیں، پاکستان میں دہشتگردی ہندوستان کی کامیابی ہے۔ جمعرات کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں غریب اور امیر کی جنگ کے شدید خطرات پیدا ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں سے متعلق ہونے والے اجلاس میں کہا گیا کہ لوگوں کے پاس موجود اسلحے کا خاتمہ کیا جائے جس پر میں نے کہا کہ نہاری والا تو اسلحہ رکھ کر نہاری بیچ رہا ہے، جس بندے کی دکان پر 10 سے پندرہ ہزار روپے کی بکری ہوتی ہے اس نے اپنی حفاظت کیلئے 12 بور کی گن رکھی ہوئی ہے تو اسلحہ کلچر کیسے ختم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانامہ کیس میں شریف خاندان تسلیم کرچکا کہ جائیدادیں ان کی ہیں کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ آئے گا، جس کی لوگ مثالیں دیں گے، سپریم کورٹ سے بہترین فیصلے کی توقع ہے، اگر کرپشن کیخلاف تاریخی فیصلہ نہ آیا تو عام آدمی کا دل ٹوٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرا کیس سیدھا اور شارٹ تھا کہ نوازشریف صادق اور امین ہیں کہ نہیں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن