اسلام آباد: انتقال کرنے والوں کی پنشن ورثا کو دینے کے بارے میں قوانین میں ترمیم کا مسودہ جلد کمیٹی کو پیش کیا جائے گا: وزارت خزانہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی ) سینٹ کی خصوصی کمیٹی برائے تفویض کردہ اختیارات کو وزارت خزانہ کے حکام نے یقین دہانی کرائی کہ فوت ہونےوالے پنشنرز کی پنشن ان کے نامزد کردہ ورثاءکو دلوانے کے لئے پی بی اے رولز میں ترامیم کا مسودہ جلد تیار کرکے کمیٹی کو پیش کیا جائے گا۔ خصوصی کمیٹی برائے تفویض کردہ اختیارات کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر تاج حیدر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا اجلاس میں کمیٹی کے ارکان فاروق ایچ نائیک، سعید غنی ، عائشہ رضا فاروق، کلثوم پروین اور جاوید عباسی سمیت وزارت خزانہ اور نیشنل سیونگ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں کمیٹی کو پی بی اے رولز 2003 میں ترامیم کے لئے بھجوائی گئی پبلک پٹیشن پر غور کیا گیا ۔ پبلک پٹیشن حماد ناصر نے سینیٹ سیکرٹریٹ کو دائرکی تھی ۔ حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پی بی اے 2003 میں قائم ہوا اور اس کا مقصد وفاقی صوبائی اور جی بی فاٹا سمیت آزاد کشمیر کے ریٹائرڈ ملازمین کی امداد کے لئے بنایا گیا ۔ انہوں نے اتفاق کیا کہ فوت ہونے والے پنشنرز کی پنشن ان کے نامزد کردہ ورثاءکو ملنی چاہیے اس حوالے سے رولز میں ترامیم کی جائیں گی ۔
پنشن/ورثائ