• news

نوازشریف کے پاس دہشت گردی سے نمٹنے کا کوئی پلان نہیں: عمران

اسلام آباد (ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہاہے کہ پانامہ کیس میں تحریک انصاف نے اپنافرض اداکردیا،اب فیصلہ عدالت کریگی،قبائلی عوام کوجائزحقوق اورسیاسی طاقت فراہم کرکے قبائلی علاقہ جات میں امن اورترقی لائی جاسکتی ہے ،ماضی کی طرح نظر انداز کیا گیا تو دہشت گرددوبارہ قابض ہوسکتے ہیں ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لیڈرشپ کافقدان ہے اوروزیراعظم ترکی میں بیٹھ کرجنگ لڑرہے ہیں ۔جمعہ کو نجی ٹی وی کوانٹرویومیں انہوںنے کہاکہ نوازشریف کواندازہ ہی نہیں تھاکہ پانامہ کامعاملہ عدالت تک جائیگا،حکومتی وزراءپارلیمنٹ میں ایک اورعدالت میں دوسری کہانی بیان کرتے ہیں ۔وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں ایک بیان دیااورسپریم کورٹ میں دوسرامتضادبیان دینے کے بعدوزیراعظم صادق اورامین نہیں رہے ،وزیراعظم کاجھوٹ ثابت ہوجائے توانہیں عہدے پررہنے کاکوئی حق نہیں ہے ۔تحریک انصاف نے اپنافرض اداکیااورپانامہ کیس کوسپریم کورٹ تک لے کرگئی ہے ۔ نوازشریف کومعلوم ہے کہ ان پرلگے تمام الزامات سچے ہیں ،اسلئے انہوںنے آئی سی آئی جے کے خلاف قانونی چارہ جوئی نہیں کی، نوازشریف نے 2016ءسے پہلے بیرون ملک پراپرٹی کااعتراف ہی نہیں کیا۔اورنہ ہی الیکشن کمشن میں اپنے فلیٹ کی خریدوفروخت کی دستاویزات جمع کرائیں ۔پانامہ کیس سے پہلے ٹی وی انٹرویومیں مریم نوازنے بیرون ملک میں پراپرٹی کی ملکیت سے انکارکیاتھا۔ملک کاوزیراعظم ہونے کایہ مطلب نہیں کہ ملک میں لوٹ کھسوٹ شروع کردی جائے ۔ خیبرپی کے میں جتنی تحریک انصاف نے قانون سازی کی اتنی قانون سازی پورے ملک کے کسی بھی صوبے میں نہیں ہوئی۔ تحریک انصاف واحدسیاسی جماعت ہے ،جس نے پولیس کوسیاست سے آزادکیااوران کوطاقت دی۔ نوازشریف کے پاس دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے کوئی پلان نہیں ،دہشت گردی کیخلاف کوئی قانون سازی نہیں کی گئی ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے لیڈرشپ کافقدان ہے ،اگرمیں وزیراعظم ہوتا تو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب کوساتھ مل کرروڈمیپ تیارکرتا۔ہمارے فوجی عدالتوں پرتحفظات برقرارہیں ،قانونی اصلاحات کے بغیرملٹری کورٹس کافائدہ نہیں ہوگا۔جوڈیشل کمیشن کی طرح پانامہ کیس میں بھی عدالت کا فیصلہ قبول کریں گے۔ ہم عدالت کے خلاف نہیں جائیں گے، عوام کی عدالت کا کچھ نہیں کہہ سکتا۔جمہوریت ”جو چاہے مرضی“ کرنے کا نام نہیں، وزارت عظمیٰ کرپشن کی اجازت نہیں دیتی۔ افغانستان سے فوجی انخلاءپر نوازشریف کے پاس دہشت گردی کے خاتمے کا بہترین موقع تھا۔علاوہ ازیں انصاف عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و مرکزی ترجمان نعیم الحق نے بتایا کہ اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پانامہ لیکس کی سپریم کورٹ میں سماعت نے نواز شریف اور انکے خاندان کا حقیقی کردار بے نقاب کیا ہے۔نواز شریف نے قوم سے عدالت میں شواہد جمع کروانے کا وعدہ کیا تھا: نعیم الحق نے مزید کیا کہ عدالت نے نواز شریف کو وضاحت کا پورا موقع دیالیکن وہ عدالت کے دائرہ اختیار پر اعتراض کرنے کے سوا اپنی صفائی میں کچھ بھی کہنے میں ناکام رہے۔پانامہ کیس کی سماعت نے ثابت کیا کہ نواز شریف نے ادارے اور نظام یرغمال بنا رکھے ہیں۔پانامہ کیس کے فیصلے سے نواز شریف جیسوں کیلئے مستقبل میں قومی خزانے پر نقب زنی ممکن نہیں رہے گی۔ نعیم الحق نے یہ بھی کہا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ جمہوریت کے احیاءاور استحکام کا سامان کرے گا۔قوم کی تمام امیدیں سپریم کورٹ سے وابستہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن