بارڈر بند کرنا منفی پالیسی، پاکستان افغانستان دوستی کے سوا آپشن نہیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ افغان عوام نے دنیا کے ہر مظلوم کو آزادی کا راستہ دکھایا اور پوری امت بالخصوص پختون قوم کا شملہ بلند کیا۔ پاکستان و افغانستان کے درمیان نفرت پیدا کرنے والے ہمارے دشمن ہیں، پاک افغان دوستی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ وہ پشاور میں افغان مہاجرین اور تاجروں کے وفد سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے افغان تاجروں، طلباءاور مہاجرین کو درپیش مسائل کے حل کے لئے صوبائی وزراءعنایت اللہ خان، مظفر سید، عبد الواسع اور شبیر احمد خان کی قیادت میں کمیٹیاں بنائیں۔ سراج الحق نے کہا کہ جب بھی کوئی واقعہ ہوجاتا ہے تو بارڈر بند کردیا جاتا ہے یہ مسائل کا حل نہیں یہ منفی پالیسی ہے اور دونوں ممالک کو چاہئے کہ افہام و تفہیم کے ساتھ اس قسم کے مسائل کا مستقل حل نکالیں، انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ مرکزی حکومت سے بھی اس حوالے سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر یقین رکھناچاہئے کہ جنگیں لڑائی نہیں بلکہ ایک دوسرے کو سننے اور برداشت کرنے سے ختم ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک میں دین اسلام کے غلبے اور اللہ کے احکامات کو نافذ کرنے اور آئین کو عملی جامہ پہنانے کیلئے جدوجہد کررہی ہے اور یہ جدوجہد اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی انہوں نے کہاکہ اب اس ملک سے بندوں کی بندگی کے قانون کا خاتمہ ہوگا اور اللہ کی بندگی کا قانون نافذ ہوگا۔
سراج الحق