حکمران دوستوں دشمنوں میں تمیز کریں، حافظ سعید کی نظربندی ختم کی جائے: مذہبی رہنما
لاہور + نارنگ منڈی (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) جماعةالدعوة پاکستان کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ بیرونی قوتوں کو سی پیک کی کامیابی اور امن و امان کی صورتحال برداشت نہیں ہو رہی۔ بھارت دھماکوں اور دہشت گردی کے ذریعہ ملک کو عدم استحکام دوچار کرنے کی کوششیںکر رہا ہے۔ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے‘ ہمیں صبر و استقامت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا۔یہ قوم قربانیاں پیش کرنے والی ہے حوصلے ہارنے والی نہیں۔ہمیں دشمن کو خوش ہونے کا موقع نہیں دینا بلکہ اپنے عزم واستقامت سے بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ پاکستانی حکمرانوں کابھارتی لب و لہجے میں بات کرنا قوم کو برداشت نہیں۔وہ اپنے مقام و مرتبہ کو پہچانیں اور دوستوں ودشمنوں میں تمیز کریں۔حافظ محمد سعید و دیگر رہنماﺅں کی نظربندی فی الفور ختم کی جائے۔ان خیالات کا اظہار جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، مولانا سیف اللہ خالد، قاری یعقوب شیخ اور ابوالہاشم ربانی نے لاہور سمیت دیگر مختلف شہروںمیں نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے جامع مسجد قبااسلام آباد میں خطبہ جمعہ کے دوران کہاکہ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں۔ قوموں کے مستقبل کے فیصلے جنگوں میں ہوا کر تے ہیں۔ ہمیں دشمن کے مقابلہ میں شہادتوں پر آنسو نہیں بنانابلکہ اپنے جذبوں کو جوان رکھنا ہے۔ مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد نے جامع مسجد القادسیہ چوبرجی میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دشمن قوتوں کو پاکستان میں امن و امان،سی پیک کی کامیابی اور ملک کا اقتصادی طور پر مستحکم ہونا برداشت نہیں ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا مضبوط ہونا بھی بیرونی قوتوں کوہضم نہیں ہو رہا۔ ہندوستان کے ساتھ فیصلہ کن جنگ کشمیر میں ہو گی۔ ہمیں خود کو تیار کرنا ہے۔ تحریک حرمت رسولﷺ کے کنوینئر مولانا امیر حمزہ، نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین قاری یعقوب شیخ اور جماعةالدعوة لاہور کے مسﺅل ابوالہاشم ربانی نے مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وطن عزیز پاکستان میں ہونےو الی تخریب کاری اور دہشت گردی میں بیرونی قوتیں ملوث ہیں۔ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے‘ اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ دریں اثناءنارنگ منڈی میںنمازجمعہ کے بعدجماعت الدعوة کے سربراہ حافظ محمدسعیدکی نظربندی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا مساجد میں بھی علماءاکرام نے مذمتی قراردادیں پاس کیں اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جبکہ جماعت الدعوة کے مرکزی رہنما رانا محمد شمشاد سلفی نے احتجاجی مظاہرہ کے بعدکہا کہ حافظ محمد سعیدکی نظر بندی سے کشمیریوںکی جدوجہدآزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اسرائیل بھارت کے ساتھ ہیں اس ٹرائیکا سے پاکستان کو بچانا ہے۔
حافظ سعید/ مظاہرے