ماتحت عدلیہ کے او ایس ڈی بنائے گئے37 جوڈیشل افسر معظل‘ انکوائری شروع
لاہور (وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی زیر صدرات ہوا۔ اجلاس میں انتظامی معاملات اور دیگر ایشوز پرغور کیا گیا اور پنجاب کی ماتحت عدلیہ کے 37 او ایس ڈی جوڈیشل افسروں کو معطل کر کے ان کے خلاف ریگولر انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ کے ایم آئی ٹی سیکشن کی ریومپنگ کی منظوری دی گئی۔ اس ضمن میں ممبر انسپکشن ٹیم لاہور ہائی کورٹ انتظامی کمیٹی کے ممبران سے ملکر سفارشات تیار کرکے جامع رپورٹ چیف جسٹس کو پیش کریں گے۔ ایڈیشنل سیشن ججز اور سول ججز کی بھرتی کے طریقہ کار پر تفصیلی غور کرنے کے بعد سلیبس کو تبدیل کرکے ریکروٹمنٹ کے میعار کو سی ایس ایس کے معیار کے مطابق کیا جائے گا۔ اس ضمن میں لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔کمیٹی کے دیگر ممبران مسٹر جسٹس محمد یاور علی اور مسٹر جسٹس انوار الحق شامل ہیں۔ کمیٹی سفارشات چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھیجے گئی۔ مزید برآں کمیٹی جوڈیشل سروس کمشن کی تشکیل کیلئے بھی سفارشات مرتب کریگی۔ کمیٹی کی سفارشات کے مکمل ہونے کے بعد ایڈیشنل سیشن ججز اور سول ججز کے امتحان کی تاریخ دی جائیگی۔