بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ، 65 سالہ خاتون شدید زخمی
مظفرآباد/ سیالکوٹ (آن لائن+ نامہ نگار) بھارت کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے باعث بالاکوٹ گاﺅں میں 65 سالہ خاتون شدید زخمی ہوگئی جسے کوٹلی ہسپتال شفٹ کیا گیا۔ پاک افواج کی جوابی کارروائی سے دشمن کی گنیں خاموش، اپنے مورچے چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا جس کے باعث بالاکوٹ گاﺅں میں 65 سالہ خاتون شدید زخمی ہوگئی جسے کوٹلی ہسپتال میں شفٹ کیا گیا ہے جبکہ پاک افواج کی جوابی کارروائی میں دشمن کی گنیں خاموش ہوگئیں۔ بھارتی فوجی اپنے مورچے چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ مقامی لوگوں نے پاک آرمی کے حق میں نعرے بازی کی۔ انہوں نے کہا ہم پاک آرمی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ دوسری طرف سیالکوٹ باﺅنڈری پر ایک روز قبل بھارتی فورسز کی فائرنگ سے گاﺅں باروڑہ کی شہید ہونیوالی خاتون رشیدہ بی بی کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔