پی پی وفد کی ملاقات، شیخ رشید نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرلی
راولپنڈی(آن لائن) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مائنس نوازشریف کیلئے گرینڈ اپوزیشن الائنس کا وقت آچکا ہے۔ عوامی مسلم لیگ فوجی عدالتوں کے قیام کی حامی ہے ہم کسی بھی قیمت پر دہشت گردی کا ساتھ نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لال حویلی میںپیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا سابق صدر آصف زرداری کی ہدایت پر وفد شیخ رشید کو 4 مارچ کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے آیا تھا۔ سابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری کی قیادت میں لال حویلی آنے والے وفد میں سینیٹر عبدالقیوم سومرو، رخسانہ بنگش اور سردار خان شامل تھے۔ شیخ رشید نے وفد کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ میری جماعت اے پی سی میں ضرور شامل ہو گی۔ اتحادی ہونے کے ناطے اس حوالے سے عمران خان سے بھی بات کی جائے گی انہوں نے پیپلز پارٹی پر بھی زور دیا کہ وہ پانامہ کے معاملے پر کھل کر ان کا ساتھ دے۔ نیئر بخاری نے کہا کہ رواں سال جنوری میں فوجی عدالتوں کا وقت مکمل ہو گیاتھا لہٰذا ملکی مفاد کو مدنظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
شیخ رشید