نثار فساد کی جڑ ہیں:گبول‘ رد النثار کیا جاتا تو ردالفساد کی ضرورت نہ پڑتی: چانڈیو
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے جس ملک میں دہشت گردوں کی پشت پناہی حکمران خود کرتے ہوں وہاں دہشت گردی کو روکا نہیں جا سکتا اور ردالفساد کے بجائے ردالنثار کیا جاتا تو کسی آپریشن کی ضرورت ہی نہ پڑتی۔ کراچی میں کتاب کی تقریب رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا دہشت گردوں کے مقابلے میں اسلحہ اٹھانے کی بجائے دہشت گردی کے اسباب پر غور کرنا چاہئے۔ مجھے چوہدری نثار کے گرجنے برسنے کی پروا نہیں، وہ کچھ کرتے بھی نہیں اور اپنی کامیابیوں پر بھنگڑے ڈالتے پھرتے ہیں۔ چوہدری نثار سیہون میں آکر بھی لعل شہباز قلندر کے مزار پر نہیں گئے اور شہدا کے لواحقین کے لئے بھی کوئی اعلان نہیں کیا جو ان کی بزدلی اور ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ وفاقی وزرا دہشت گردی کی ڈھکی چھپی جبکہ ایک صوبے کے وزرا اعلانیہ حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا میں صوبے کی نہیں پاکستان کی سیاست کرتا ہوں۔ مسلم لیگ (ن) سے نہیں بلکہ ان کی پالیسیوں سے اختلاف رکھتا ہوں، وفاق کو چھوٹے صوبے اچھے نہیں لگتے اس لئے ان کی بات نہیں سنی جاتی، مسلم لیگ ن والے کچھ بھی کرتے پھریں انہیں کوئی کچھ نہیں کہے گا لیکن ہم آہ بھی کریں تو نوٹس لے لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کراچی میں امن و امان کے قیام میں پولیس اور رینجرز سمیت سندھ حکومت کی بھی لازوال قربابیاں شامل ہیں لیکن ان کامیابیوں کو وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیاں ناکامیوں کی جانب دھکیل رہی ہیں۔ وفاق کو پالیسیاں ٹھیک کرنا ہوں گی، حکومت کی پالیسیاں اور نیتیں ٹھیک ہوتیں تو فیصلے اور نتائج بھی بہتر ہوتے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا چودھری نثار فساد کی جڑ ہیں، ردالنثار ہو گا تو معاملات بہتر ہونگے۔ پنجاب میں آپریشن ہو گا تو لیگی رہنما ہی پکڑے جائیں گے۔ ایم کیو ایم اب کچھ نہیں، ایم کیو ایم کو سندھ کے مفاد میں پیپلز پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملانا ہو گا۔