ٹریفک حادثات: ماں بیٹا‘ کمسن بچی سمیت 12 افراد جاں بحق‘ 8 زخمی
ملتان + جہلم + خاران (نامہ نگار + ایجنسیاں) ٹریفک حادثات میں مختلف شہروں میں ماں بیٹا‘ کمسن بچی سمیت 11 افراد جاں بحق‘ 3 زخمی ہو گئے جبکہ پولیس وین الٹنے سے 5 اہلکار زخمی ہو گئے۔ چوکی کین ملتان کے قریب پولیس موبائل الٹ گئی۔ حادثے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بہاولپور روڈ پر بستی ڈیرہ محمدی کے قریب موٹرسائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو 1122 نے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ خاران سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سوئگان خاران میں گاڑی الٹنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ جہلم سے صبا نیوز کے مطابق دریائے جہلم کے پل کے قریب موٹرسائیکل سوار 2 افراد عمران اور سیف گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کر موقع پر ہی جاںبحق ہوگئے۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق اللہ رکھا بیٹے ‘ اپنی والدہ جمیلہ بی بی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر ایک شادی میں شرکت کی غرض سے سرگودھا جا رہا تھا کہ 70 سالہ نامعلوم شخص موٹرسائیکل پر چناب نگر جا رہا تھا‘ جب وہ قریب درہ سٹاپ پر پہنچے تو تیزرفتار کار نے دونوں موٹرسائیکلوں کو روند ڈالا جس کے نتیجہ میں ماں جمیلہ بی بی موقع پر جاں بحق ہو گئی اور اس کے بیٹے اللہ رکھا نے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں دم توڑ دیا ۔ دوسرے موٹرسائیکل پر سوار ناملوم 70 سالہ بزرگ نے بھی موقع پر ہی جان دیدی۔ کار سمیت ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ریسکیو 1122 نے نعشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیں جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کر دی گئیں۔ ایک اور حادثہ میں لاہور روڈ نزد حاجی سنز فارم کے قریب تیزرفتار ڈمپر کی رکشہ کو ٹکر کے نتیجہ میں رکشہ میں سوار آٹھ سالہ آمنہ موقع پر جاں بحق جبکہ 35 سالہ آسیہ بی بی‘ 13 سالہ وہاب‘ 40 سالہ شفیق سکنہ شاہ کوٹ شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچایا۔ پولیس نے ڈمبر کو قبضہ میں لیکر کارروائی شروع کر دی۔
چنیوٹ حادثہ