• news

تاندلیا نوالہ: زمین کا تنازعہ‘2 لیگی دھڑوں میں تصادم‘ سابق نائب ٹائون ناظم سمیت15 افراد زخمی

تاندلیانوالہ+ فیصل آباد+ لاہور (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی رپورٹر) تاندلیانوالہ میں زمین کے تنازعہ پر دولیگی دھڑوں کے درمیان تصادم اور احتجاجی ریلی پر ایک لیگی دھڑے کی جانب سے اندھادھند فائرنگ سے صحافی اور سابق ٹاؤن نائب ناظم سمیت 15افراد شدید زخمی ہوگئے جس کے بعد ایم این اے گروپ کے افراد نے ایم پی اے گروپ اور چیئرمین کے خلاف پل نہر بنگلہ پر شدید احتجاج کیا اور سڑک کو بلاک کرکے احتجاجی دھرنا دئیے رکھا معلوم ہواہے چیئرمین اور ایم پی اے گروپ کی ایم این اے گروپ کے میاں ضیاالحق کونسلر ،میاں انوار الحق کی گرین ویلی کالونی میں حصہ داری تھی لیکن بلدیاتی الیکشن میں چیئرمین شپ کیلئے چودھری سعید اور میاں ضیاالحق بھی سامنے آگئے اور میاں ضیاالحق کو نسلر نے ایم پی اے گروپ کے چیئرمین کے خلاف ووٹ دیا گرین ویلی کا دفتر پٹرول پمپ پر قائم تھا اس پٹرول پمپ پر میاں ضیاالحق کونسلر اپنے بھائی انوارالحق کے ہمراہ بیٹھے ہوئے تھے کہ ایم پی اے گروپ اور چیئرمین اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حملہ آور ہوگئے اور میاں ضیاالحق اور میاں انوارالحق کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ زخمی ہوگئے واقعہ پر ایم این اے گروپ کے میاں ضیاالحق کی جانب سے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی پر انجمن تاجراں کی حمایت حاصل کی اور ایم پی اے گروپ کے خلاف تاجراں نے احتجاجی طورپر ہڑتال کی اور شٹرڈاؤن کردیا پھر ایک ریلی نکالی جب ریلی کے شرکا ماہی چوک پہنچے تو وہاں پر چیئرمین تاجروں سے دکانیں کھلوا رہے تھے دونوں گروپوں کے درمیان تکرار ہوگئی اور ایم پی اے گروپ کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ شروع ہوگئی جس کے نتیجے میں کوریج کرتے ہوئے مقامی صحافی شہزاد اشرف، سابق ٹاؤن نائب ناظم شہیرداؤد بٹ، امین، رحمان، شہزاد، حسن ندیم، اقبال، اظہر حیات، ایسل ارشاد، عمردارزاور عمرفاروق وغیرہ 15افراد شدید زخمی ہوگئے ان میں سے8افراد کو تشویشناک حالت کے پیش نظر فیصل آباد بھیج دیا گیا فائرنگ کے بعد مظاہرین نے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کرنے کے مطالبہ پر پل نہر بنگلہ پر احتجاج کیا اور سڑک بلاک کرکے ٹریفک معطل کردی اور دھرنا بھی جاری رکھا سابق ٹاؤن ناظم میاں علی گوہر بلوچ، پی ٹی آئی کے چودھری مشتاق طور، چودھری ندیم، سابق ایم پی اے خالد محمود وٹو، چودھری ضیااللہ رحمانی سٹی صدر (ن) لیگ بھی موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن نے بھی پل نہر بنگلہ پر پہنچ کر حالات سے آگاہی حاصل کی۔ اس واقعہ پر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا اور سی پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا نے کہا ہے تاندلیانوالہ فائرنگ کی تحقیقات کیلئے ایس ایس پی کی قیادت میں کمیٹی قائم کر دی ہے۔ فریقین کی بات سن کر میرٹ پر مقدمہ درج کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن