کمیر: مرضی کے بغیر بیٹی کی منگنی کرنے پر کلہاڑی سے بیوی کی گردن کاٹ دی
کمیر (نامہ نگار)گائوں 150/9 ایل میں بے روزگار شحض نے رشتہ کے جھگڑے اور بے روز گاری کا طعنہ دینے پر اپنی بیوی کے گردن پر کلہاڑی کے وار کر کے ذبح کر دیا جو کہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ مقتولہ چھ بچوں کی ماں تھی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے ملزم وحید مراد بیروزگار تھا‘ بچوں کے اخراجات پورے نہیں ہوتے تھے جس پر اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ جھگڑا اُس وقت شدت اختیار کر گیا جب مسرت بی بی نے اپنی بڑی بیٹی کی منگنی اپنی مرضی سے کر دی۔ اس بات کا ملزم کو رنج تھا۔ وقوعہ کے وقت مسرت بی بی قریبی دیہی مرکز صحت سے اپنی دوائی لے کر واپس گھر آرہی تھی کہ ملزم نے کلہاڑی سے اُس کی گردن پر وار کرکے گردن کاٹ دی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے لاش ہسپتال بھجوا دی۔