• news

ہائیکورٹ نے شریف فیملی کی شوگر ملز میں کرشنگ کے خلاف حکم امتناعی میں کل تک توسیع کر دی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے شریف خاندان کی شوگر ملز میں کرشنگ روکنے کے حکم امتناعی میں کل 2 مارچ تک توسیع کردی۔ عدالت نے کین کمشنر کو گنے کے کھیتوں میں موجود کسانوں کی فصل کو قریبی شوگر ملز میں سرکاری نرخوں پر فروخت کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کے عدالتی حکم پر عمل کرنے کی مہلت دیدی۔ شریف خاندان کے وکیل نے دلائل دیئے کہ سرکاری نوٹیفکیشن کے بعد ملز کی منتقلی میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں۔ کسانوں کے وکیل نے کہا کہ کرشنگ کا عمل بند ہونے سے کھیتوں میں کھڑی گنے کی فصل سوکھ جانے کا اندیشہ ہے جس سے کسانوں کو سخت مالی نقصان پہنچے گا۔ کین کمشنر نے کہا کہ پنجاب بھر میں کرشنگ کرنے والی شوگر ملزکو گنے کی فروخت کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ کاشتکاروں کے گنے کی فروخت کیلئے مزید وقت درکار ہے۔ دو رکنی بنچ نے جہانگیر ترین کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر جوابی دلائل دیں۔

ای پیپر-دی نیشن