• news

رد الفساد کے ذریعے دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا: روسی سفیر‘ دفاعی تعاون کے خطے کی سکیورٹی پر مثبت اثرات ہونگے: آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر/ نمائندہ خصوصی) پاکستان میں متعین روس کے سفیر الیگزے یوری وچ دیدوو نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور آپریشن ردالفساد شرع کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسکے نتیجہ میں دہشت گردی کی لعنت کا انسداد کیا جا سکے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات خطے کی سلامتی سے متعلق امور اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ روسی سفیر نے پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان پر افسوس کا اظہار کیا۔ مہمان سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور معاشی ترقی کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے روسی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ملکوں اور اس کی مسلح افواج کے مابین جاری تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک روس دفاعی تعاون سے خطے کی سیکیورٹی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بھی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات جی ایچ کیو میں ہوئی۔ ملاقات میں بری فوج کی مالیاتی ضروریات کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ بجٹ میں مطلوبہ رقم مختص کرنے پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں بری فوج کے موجودہ اور آئندہ کے لئے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت قومی سلامتی اور ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مسلح افواج کو تمام ممکن وسائل فراہم کریگی۔

ای پیپر-دی نیشن