• news

او ایم جی کے پروموٹی ترقی سے محروم‘ نظام وضع نہ ہوسکا

اسلام آباد (مسعود ماجد سید) اعلی بیوروکریسی کا دوغلا معیار آفس مینجمنٹ گروپ میں پروموٹی اور براہ راست بھرتی ہو نے والے افسروں کو ترقیاں دینے کا کوئی نظام تاحال حتمی نہ ہوسکا۔ پروموٹی کئی سال گذرنے کے باوجود ترقی کے عمل سے محروم ہو گئے جبکہ ایف پی ایس سی کے ذریعے آنے والے براہ راست او ایم جی افسران ترقیوں پر ترقیاں لیتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری اور اس سے بھی اوپر عہدوںپر فائز ہوگئے۔ نان گزیٹڈ ملازمین کو تھوک کے حساب سے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے او ایم جی میں گریڈ 17 اور 18 میں بھرتی کیا گیا جو آج سال ہا سال اگلے گریڈوں میں ترقیاں پارہے ہیں۔ آفس مینجمنٹ گروپ کی کوٹہ کے مطابق کمپوزیشن موجود ہے کہ اس گروپ میں ڈائریکٹ افسران کاالگ کوٹہ ہے اور پھر نان گزیٹڈ سے ترقی پاکر آنے والے افسران کا کوٹہ اور ہے جبکہ دوسرے شعبہ جات یا محکموں سے آنے والوں کا کوٹہ کچھ اور ہے۔ اعلیٰ بیوروکریسی کوٹہ کا تعین موجود ہو نے کے باوجود اس پر عمل کرنے سے گریزاں ہے۔آفس مینجمنٹ گروپ میں مزکورہ بالا ان تینوں کیٹیگریوں کے افسران کی ترقیوں کے معیار کو دوغلی پالیسی کی نذر کردیا گیا ہے جس سے او ایم جی افسران میں بے چینی اور مایوسی پائی جارہی ہے۔ملنے والی معلومات کے مطابق پروموٹی افسران کو 1981ء سے لیکر 2005ء تک کے دوران گریڈ 17 میں 1166افسران کو ایک تہائی کوٹے کے تحت او ایم جی میں ریگولر کیا گیا جن میں سے بیشتر کئی سال گذر جانے کے باجود ابھی تک گریڈ 17 یا 18 تک ترقی پاسکے ہیں،ان کی ترقیوں کا کوئی نظام ہی موجود نہیں ۔اسکے مقابلے میں براہ راست او ایم جی میں شامل کئے گئے افسران کی تفصیلات یوں ہیں کہ 1985ء سے لیکر 2005ء تک اس میں پروموٹی 80افسران کو گریڈ 17 میں بھرتی کیا گیا اور گریڈ 18 تک ہی ترقی پاسکے ہیں جبکہ اسی عرصہ کے دوران کل 47افسران کو براہ راست ایف پی ایس سی کے ذریعے شامل کیا گیاجو ترقی در ترقی حاصل کرتے ہوئے اب کئی منازل طے کر چکے ہیں لہٰذا پروموٹی اور براہ راست بھرتی افسروں کی ترقیوں میں پائی جانیوالی اس تفریق نے افسروں میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن