عبدالستار ایدھی کی سالگرہ، لوگوں کا خراج عقیدت، اپنی ذات میں انجمن تھے، وزیراعظم کا پیغام
اسلام آباد+ کراچی (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) ایدھی کی یوم پیدائش پر عوام نے خراج عقیدت پیش کیا ہے، لوگ خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایدھی ہوم پہنچ گئے۔ این این آئی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے عبدالستار ایدھی کی سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ عبدالستار ایدھی انسانیت کا ایک ایسا استغارہ ہے جو نہ صر ف پاکستان بلکہ پورے عالم انسانیت کیلئے باعثِ فخر ہے، تاریخ میں کبھی کبھی ایسی شخصیات جنم لیتی ہیں جو اپنا آج انسانیت کے کل کیلئے قربان کردیتے ہیں، عبدالستار ایدھی نے بہت کم وسائل مگر بے پناہ اخلاص کیساتھ انسانیت کی جو خدمت کی اس کو نہ صرف اس دنیا میں پذیرائی ملی بلکہ آخرت میں بھی ایسے ہی لوگ سرخرو ہوں گے۔ وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ عبدالستار ایدھی کی زندگی میں ہمارے لئے یہ سبق ہے جو لوگ انسانوں کی خدمت کو اپنا شعار بناتے ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنی توانائیاں صرف کرتے ہیں اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں کے لئے عوام کے دلوں میں محبت کے چراغ روشن کر دیتے ہیں۔ منفی طرز سیاست سے لوگوں کے جذبات کے ساتھ تو کھیلا جا سکتا ہے مگر ان کے دلوں میں جگہ نہیں بنائی جا سکتی۔ عبدالستاار ایدھی اپنی ذات میں انجمن، ایک ادارہ تھے۔