بلدیاتی امیدواروں سے ٹکٹ کیلئے لی گئی رقم کہاں گئی، مسلم لیگ ن پنجاب کے عہدیدار بھی بے خبر
لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) پنجاب کو حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لئے امیدواروں سے جو رقوم حاصل ہوئی تھیں وہ کس اکائونٹ میں گئیں۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے نومنتخب عہدیداران میں سے بیشتر کو علم نہیں ہے۔ پنجاب کے فنانس سیکرٹری میاں مرغوب احمد ایم پی اے بھی اس حقیقت سے ناآشنا ہیں۔ اکتوبر 2016 میں ہونے والے پارٹی الیکشن میں صوبے کے جنرل سیکرٹری کا عہدہ خالی چھوڑ دیا گیا تھا جبکہ پچھلی ٹرم میں پنجاب کے فنانس سیکرٹری کا عہدہ خالی رہاتھا۔ سو موجودہ فنانس سیکرٹری میاں مرغوب احمد پریشانی کے عالم میں ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ضلع کے چیئرمین اور میونسپل کارپوریشن کے میئر کی ٹکٹ کیلئے ہر ایک سے 2 لاکھ روپے جبکہ وائس چیئرمین اور ڈپٹی میئر سے ایک لاکھ روپے، میونسپل کمیٹی کے چیئرمین سے ایک لاکھ روپے اور وائس چیئرمین سے 50 ہزار روپے جبکہ مخصوص نشستوں کیلئے ضلع کونسلر کیلئے 15 ہزار روپے جبکہ یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین کیلئے پانچ پانچ ہزارر وپے اور کونسلر کی ٹکٹ کیلئے دو، دو ہزار روپے فیس مقرر کی گئی تھی۔ اس طرح لاہور کے علاوہ باقی 36 اضلاع سے پارٹی ٹکٹوں کی مد میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کو کروڑوں روپے فنڈ اکٹھا ہوا تھا۔