• news

حکو مت نسلی تعصب پھیلانے سے گریز کرے‘ پنجاب میں پختونوں کو نشانہ بنانا وفاق کیلئے خطرہ ہے: خورشید شاہ

اسلام آباد(آن لائن)قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں ایک قوم کو نشانہ بنانا وفاق اور فیڈریشن کے لئے خطرہ ہے۔ حکومت کو نسلی تعصب پھیلانے سے گریز اور دہشتگردی کے خاتمے پر توجہ مرکوز رکھنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔خورشید شاہ نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے پاکستان کی فیڈریشن کو مضبوط کرنے کیلئے گراں قدر مسائل کا سامنا کیا اور ان کے حل کیلئے کوششیں بھی کی۔ بلوچستان میں بلوچوں کی اکثریت جبکہ خیبرپی کے میں پختونوں کی اکثریت ہے لیکن پختونوں کیخلاف پنجاب میں ایک خطرناک مہم شروع ہوگئی ہے جسے حکومت کی سرپرستی حاصل ہے۔ لوگوں کو کہا گیا ہے کہ پختونوں کو دیکھ کر ہوشیار ہوجایاکرو اور حکومت اور اعلیٰ پولیس افسران کی سرپرستی میں پمفلٹ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں ایک قوم کو نشانہ بنانا وفاق اور فیڈریشن کے لئے خطرہ ہے جیسے پنجابی، بلوچی سندھی محب وطن ہیں ویسے ہی پختون بھی محب وطن ہیں اور پاکستان کی آزادی کیلئے پختونوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں اس خطرناک اور گھنائونے کھیل پر وزیراعظم کو توجہ دینی چاہیے اور پختونوں کے خلاف امتیازی سلوک کو ختم کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ اگر بلوچستان پنجاب میں کوئی دہشتگردی ہوتی ہے تو کیا ہمارے بلوچی اور پنجابی مشکوک یا دہشتگرد بن جائینگے۔ یہ بات واضح ہے کہ سب سے زیادہ دہشتگرد پنجاب میں چھپے ہیں اور حکومت پنجاب ان کی سرپرستی کرتی ہے یہ غلط بات نہیں بلکہ دیگر صوبوں نے بھی پنجاب میں رینجرز آپریشن کیلئے وفاق پر دبائو ڈالا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپی کے میں مسلم لیگ رہنمائوں نے حکومت کیخلاف احتجاج کیا اور حکومت کے اس اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ پختونوں کے ساتھ امتیازی سلوک سے ہماری فیڈریشن کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اور ان لوگوں کو مدد مل سکتی ہے جو بیرون ملک بیٹھ کر ملک توڑنے کی بات کرتے ہیں۔ ماضی میں ایک ڈکٹیٹر جنرل نے اپنی دس سالہ ڈکٹیٹر شپ میںملک کو تباہ کردیا اور یہ جماعت ان کے زیرسایہ پل کر بڑی ہوئی اور مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ یہ حکومت کیا کررہی ہے یہ کوئی عملی اقدامات کیوں نہیں کررہی۔

ای پیپر-دی نیشن