کوئٹہ،فورسزکے قافلے پربم حملہ، 4 اہلکار زخمی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ)کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر سیکورٹی فورسز کے قافلے پر سڑک کنارے نصب بم سے حملہ 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ بدھ کو کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب روڈ پر چکی شاہوانی کے قریب ایف سی اہلکار گشت کر رہے تھے کہ اچانک سڑک کنارے نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایف سی کے تین اہلکار لانس نائیک قدرت اللہ، سپاہی جواد اور سپاہی یاروخان جبکہ بلوچستان کانسٹبلری کااہلکارمحمدبخش زخمی ہوگئے زخمیوں کو ایف سی ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بم سڑک کنارے پڑی مٹی کے ڈھیر کے نیچے دبایا گیا تھا اوراس میں لوہے کے پرزے بھی استعمال کئے گئے تھے۔ علاوہ ازیں پسنی میں میونسپل کمیٹی کے دفترپر نامعلوم شرپسندوں نے دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے تاہم خوش قسمتی سے بم دفتر کے باہر گرکر پھٹ گیا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا واقعے کے بعد فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
بم حملہ