• news

آپریشن ردالفساد‘ کوہاٹ اسلحہ سے بھری گاڑی افغانستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام

لاہور/ فیصل آباد/ کراچی/ چارسدہ (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی) آپریشن ردالفساد کے تحت مختلف شہروں میں سرچ آپریشن کے دوران افغان باشندوں سمیت مزید سینکڑوں مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں سے 250 سے زائد افغانیوں کو گرفتار کر لیا۔ کوہاٹ ٹنل کے قریب سے پولیس نے اسلحہ کی بڑی کھیپ پکڑی، اسلحہ وین کے خفیہ خانوں میں چھپا کر افغانستان بھیجنے کا منصوبہ تھا، جسے ناکام بنا دیاگیا۔ ایس پی آپریشن کوہاٹ طارق محمود کے مطابق پولیس نے درجنوں کلاشنکوف، پستول اورہزاروں کارتوس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتارکرلیا ہے۔ گجرات سے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔ اسماعیل خلیل اور زبیر کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ دونوں گجرات میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹر اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔ اسلام آباد کے ریڈ زون سے مشکوک غیرملکی شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق غیرملکی مارسل نامی باشندہ جرمنی کا رہائشی ہے اور اسے ایک معروف ہوٹل کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق جرمن باشندہ بھارتی سفارتخانے جانا چاہ رہا تھا۔ چیچہ وطنی، فیصل آباد، ساہیوال، میانوالی، لاہور، بھیرہ، ٹنڈوالہ یار، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور، ڈی جی خان سے مشکوک افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ خیبر ایجنسی کے علاقے رانجگان ڈھیری سے زیر زمین چھپائے 12 بم برآمد کرلئے گئے۔ کوئٹہ میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ و بارود برآمد ہوا۔
آپریشن ردالفساد

ای پیپر-دی نیشن