• news

کراچی کنگز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا

شارجہ (سپورٹس رپورٹر) متحدہ عر ب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوسرے کوالیفائنگ فائنل میں کراچی کنگز نے دفاعی چیمپئن اسلام یونائٹیڈ کو 44رنز سے ہراکر ایونٹ سے باہر کردیا۔کراچی کنگز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے آخری اوور میں126رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی ۔ اوپنرز نے 42رنز کا آغاز فراہم کیا ۔ بابراعظم 25‘کرس گیل 17‘کمار سنگا کارا سترہ ‘شعیب ملک پچیس ‘روی بوپارہ چودہ ‘کیرن پولارڈ پانچ ‘عماد وسیم چودہ ‘سہیل خان صفر ‘اسامہ میر ایک اور عثمان خان صفر پر آﺅٹ ہوئے ۔ محمد عامر دو رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ رومان رئیس نے پچیس رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا ۔ محمد سمیع اور شین واٹسن نے دو دو جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی ۔جواب میں اسلام یونائٹیڈ کی ٹیم 15.2اوورز میں 82رنز پر ڈھیرہوگئی ۔ 9کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے ۔ آصف علی 39اور مصباح الحق13رنز بناکر نمایاں رہے ۔ ڈیوائن سمتھ آٹھ ‘بریڈ ہیڈن صفر‘شین واٹسن آٹھ ‘شاداب خان ایک ‘پوران ایک ‘عماد بٹ سات ‘محمد سمیع صفر ‘رومان رئیس صفر پر آﺅٹ ہوئے ۔ محمد عامر ‘عماد وسیم اور اسامہ میر نے تین تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا ۔ سہیل خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے دوران مقابلہ کل ہوگا جس کی فاتح ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی ۔ فائنل پانچ مارچ کوقذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جس کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن