گوجرانوالہ: ناجائز اسلحہ، اقدام قتل کے مقدمات میں نامزد اسسٹنٹ ڈائریکٹر شکایات اینٹی کرپشن رفیق قادری کو او ایس ڈی بنا دیا گیا
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب بریگیڈئیر (ر) مظفر علی رانجھا نے ناجائز اسلحہ اور اقدام قتل کے مقدمات یں نامزد ہونے والے محکمہ اینٹی کرپشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شکایات محمد رفیق قادری کو سرکاری حیثیت کے ناجائز استعمال کے الزام میں او ایس ڈی بنا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ریجنل ڈائریکٹوریٹ میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر شکایات محمد رفیق قادری اور ان کے بیٹوں کے خلاف تھانہ فیکٹری ایریا لاہور میں اقدام قتل اور ناجائز اسلحہ کے مقدمات درج ہوئے جس میں ان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ کی برآمدگی کے علاوہ سرکاری گاڑی بھی قبضہ میں لی گئی۔ گاڑی کی بعدازاں سپرداری کروالی گئی۔ تاہم مخالف پارٹی نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب بریگیڈئیر (ر) مظفر علی رانجھا کے روبرو پیش ہوکر الزام لگایا کہ رفیق قادری اپنی سرکاری حیثیت کا ناجائز استعمال کررہا ہے۔ مظفر علی رانجھا نے معاملہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے محمد رفیق قادری کو عہدے سے ہٹا دیا اور ان کے خلاف محکمانہ تحقیقات کا حکم دے دیا۔