• news

پاکستان اور کیوبا کے مابین پارلیمانی تعاون کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان کے ایوان بالا اور کیوبا کی قومی اسمبلی کے مابین ہوانا میں ایک انتہائی اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کا مقصد قانون سازی اور پارلیمانی امور میں باہمی تعاون کو مستحکم کرنا اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونا ہے۔ اس ضمن میں سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک اور ان کی ہم منصب مس میر یام بریٹو سروکا نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی، پاکستانی وفد کے اراکین اور کیوبا کی قومی اسمبلی کے صدر بھی موجود تھے۔ میاں رضاربانی نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کی بدولت پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ اور دونوں ملکوں کی پارلیمانوں، حکومتوں اور عوام کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ دونوں سیکرٹریٹس نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں دوستی گروپس کی تشکیل اور باہمی روابط کو فروغ دینے کیلئے پارلیمانوں کے مابین روابط کے استحکام پر اتفاق کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن