دا عش کو بدترین شکست کا سامنا ہے: ابوبکر البغدادی کا اعتراف
بغداد (آن لائن) شدت پسند گروہ داعش کے سربراہ ’خلیفہ‘ ابوبکر البغدادی نے اپنے حامی جنگجوؤں کے سامنے تنظیم کی شکست فاش کا اعتراف کر لیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ابوبکر البغدادی نے اپنے حامیوں سے خطاب میں اعتراف کیا کہ حالیہ عرصے کے دوران لڑائی میں داعش کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ البغدادی نے جنگجوؤں سے کہا کہ وہ گرفتاریوں سے بچنے کے لئے پہاڑی علاقوں میں فرار ہوں اور سکیورٹی فورسز کی نظروں سے اُوجھل ہوجائیں۔ نینویٰ گورنری کے شہروں میں جس تیزی کے ساتھ داعش کو شکست اور پسپائی کا سامنا ہے اس کے اعتبار سے البغدادی کی یہ تقریر ان کا الوداعی خطبہ قرار دی جا سکتی ہے۔ داعشی خلیفہ نے جنگجوؤں سے کہا ہے کہ جب فوج ان کا محاصرہ کرلے تو وہ پکڑے جانے کے بجائے خود کو دھماکوں سے اڑا دینے کو ترجیح دیں۔