تلور کی نسل میں اضافے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے: بریگیڈیئر مختار
لال سپانرہ رینج بہاولپور (فضل حسین اعوان) لال سپانرہ رینج میں 200 تلور فضا میں چھوڑے گئے۔ مزید 3 سو تلور اسی روز سہ پہر کو رحیم یار میں ریلیز کئے گئے۔ مزید ساڑھے پانچ سو تلور بھی اس ہفتے ان علاقوں میں چھوڑے جائیں گے۔ ان کی بریڈنگ اور افزائش دبئی میں انٹرنیشنل ہوبارہ فائونڈیشن کے زیر اہتمام ہوئی۔ ان کو دبئی سے براہ راست کارگو کے ذریعے بہاولپور اور رحیم یار خان لایا گیا تھا۔ اس موقع پر پاکستان ہوبارہ فائونڈیشن انٹرنیشنل کے چیئرمین بریگیڈیئر مختار اور ڈائریکٹرجنرل انٹرنیشنل فنڈ فار پری زرویشن محمد صالح حسن البیلانی مقامی انتظامی حکام اور شہر کی اہم شخصیات موجود تھیں۔ بریگیڈیئر مختار نے اس موقع پر بتایا کہ تلور کی نسل میں اضافے کے لئے ہر سال بڑی تعداد میں تلور ریلیز کئے جاتے ہیں جو سرد علاقوں سے آنے والے تلوروں کے ساتھ ان علاقوں میں چلے جاتے ہیں۔ صالح حسن البیلانی کاکہنا تھا کہ ان کی تنظیم کا ہنٹنگ سے کوئی سروکار نہیں۔ وہ تلور کی کم ہوتی نسل میں اضافے کیلئے کام کررہے ہیں۔ تلوروں کی ریلیز کے موقع پر لاہور سے صحافیوں نے بھی شرکت کی۔ ان میں فضل حسین اعوان، سید بدر سعید، شعیب مرزا، عقیل انجم اعوان، محمد اکرم افتخار خان شامل تھے۔