0کوئٹہ، گندم خوردبرد کیس : سابق صوبائی وزیر اسفند یار کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ
کوئٹہ (آئی این پی ) احتساب عدالت کوئٹہIIکے جج پذیر بلوچ نے اربوں روپے گندم خوردبرد ریفرنسز میں گرفتارسابق صوبائی وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑ اور سابق ڈپٹی سیکرٹری خوراک ظاہر جان جمالدینی کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات دے دئیے ۔گزشتہ روزگرفتار سابق صوبائی وزیر خوراک اسفند یار خان کاکڑ اور سابق ڈپٹی سیکرٹری خوراک ظاہر جان جمالدینی کو سخت سکیورٹی میں عدالت لایاگیا تو اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد صوبائی وزیر اسفندیار کاکڑ سے اظہار یکجہتی وہمدردی کیلئے سیشن کورٹ عدالت کے احاطے میں موجود تھے،احتساب عدالت کوئٹہ IIکے جج پذیر بلوچ کے سامنے نیب کے پراسیکیوٹر کی جانب سے ملزمان کے جسمانی اور جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر ملزمان کے وکیل ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ نے اس کی مخالفت کی اور کہاکہ دونوں طرح کے ریمانڈ نہیں دئیے جاسکتے اس سلسلے میں اگر نیب کی جانب سے دلائل دیئے جاسکتے ہیں تو وہ دیں تاہم احتساب عدالت کے جج نے دونوں ملزمان کے 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے احکامات صادر کئے جس کے بعد انہیں جیل بھیج دیاگیا۔ احتساب عدالت کی جانب سے دونوں ملزمان کے درخواست قبل ازگرفتاری خارج کئے جانے کے بعد ملزمان نے ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے آئینی درخواست دائر کی تھی تاہم گزشتہ روز ملزمان کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری مسترد کردی گئی جس کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیاتھا ،گزشتہ روز سماعت کے موقع پر خالد خان ایڈووکیٹ اوردیگر بھی پیش ہوئے۔