• news

.لاپتہ افراد کیس: فاروق ستار نے پیروی نہیں کرنی تو درخواستیں کیوں دائر کیں: سندھ ہائیکورٹ برہم

کراچی (نوائے وقت نیوز) سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔ ایم کیو ایم کی جانب سے عدم پیروی پر عدالت نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا پیروی نہیں کرنی تو درخواستیں کیوں دیں؟ سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم کے دس کارکنوں سمیت ساٹھ سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر پولیس، رینجرز اور دیگر فریقین سے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے لاپتہ کارکنوں کے اہل خانہ نے انفرادی اور ایم کیو ایم کے فاروق ستار نے علیحدہ درخواستیں دائر کیں۔ عدالت نے کہا لاپتہ کارکنوں کے مقدمات کی پیروی کیلئے ان کے اہل خانہ آتے ہیں اور نہ ہی فاروق ستار پیش ہو رہے ہیں، جب مقدمات کی پیروی نہیں کرنی تھی تو فاروق ستار نے درخواستیں دائر ہی کیوں کیں؟ جسٹس فاروق شاہ نے کہا پھر ایم کیو ایم والے کہتے ہیں عدالتیں ہمارے ساتھ انصاف نہیں کرتیں۔ تفتیشی افسر نے رپورٹ پیش کی ایم کیو ایم کے 2013ء سے لاپتہ دس کارکنوں میں ایک کارکن فہیم ریاض مقدمات میں مطلوب نکلا اور اب جیل میں ہے۔ عدالت نے عمیر، ارشد، ابوبکر بلوچ، سید عمر اعجاز، سکندر صلاح الدین اور دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا تین سال سے وکیل کا لاپتہ بیٹا عدنان واپس آ گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شکر ہے عدنان تو سلامت گھر واپس آ گیا، جن کا بچہ گھر سے غائب ہو جاتا ہے ان کی تکلیف کا اندازہ کوئی دوسرا نہیں کر سکتا۔ عدالت نے لاپتہ شہریوں کی فوری بازیابی کا حکم دیتے ہوئے پولیس، رینجرز اور فریقین سے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن