نیب کو کرپشن سے پاک، میرٹ پر کام کرنیوالا ادارہ بنائیں گے: چیئرمین
اسلام آباد(آن لائن) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیرصدارت نیب کی مانیٹرنگ اور کارکردگی کی تشخیص کے نظام (ایم ای ایس) کے جائزہ کے لئے اجلاس میں مانیٹرنگ اور ایویلویشن کے مشیر نے نیب کی مانیٹرنگ اور کارکردگی کی تشخیص کے نظام کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ چیئرمین نیب کی ہدایات پر نے مانٹیرنگ اور کارکردگی کی تشخیص کے لئے ایم ای ایس سسٹم بنایا ہے جس میں موصول ہونے والی درخواستوں کا ڈیٹا ‘ شکایات کی تصدیق‘ انکوائری‘ تحقیقات‘ پراسیکیوشن سٹیج‘ ریجنل بورڈ اور ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاسوں‘ کیسزاور فیصلوں کی تفصیلات موجود ہوتی ہیں۔ اس سسٹم میں کسی بھی خلاف ورزی پر انتباہ اور موجود ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب میں مانیٹرنگ اور ایلویشن سسٹم کا مقصد عمل درآمد اور کارکردگی کا ایک سسٹم کے ذریعے جائزہ لینا ہے جس سے نیب کی آپریشنل مانیٹرنگ اور ایولویشن کی صلاحیتیں بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ ایولویشن سسٹم سرگرمیوں کے معیار کا جائزہ اور مداخلت کی موڈیفکیشن کے لئے بنیاد فراہم کرتا ہے۔ نیب کو کرپشن سے پاک کیا جائے گا اور اسے میرٹ پر اور شفافیت کے ساتھ کام کرنے والا مکمل پیشہ وارانہ ادارہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے نیب کے تمام ریجنل بیوروز کو ہدایت کی کہ ایم ای ایس پر نیب راولپنڈی میں مکمل کیے گئے پائلٹ پراجیکٹ کے نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے حقیقی معنوں میں عمل درآمد کریں۔