کرکٹ بخار عروج پر : کوئٹہ گلیڈی ایٹرز یا پشاور زلمی ”فاتح لاہور“ کا فیصلہ کل ہو گا
دبئی/ لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگار+ نمائندہ سپورٹس+ اپنے نامہ نگار سے) متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ کے تیسرے کوالیفائنگ فائنل میں پشاور زلمی کی ٹیم کراچی کنگز کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئی۔ فائنل میں کل مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہو گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع ہو گا۔ پشاور زلمی نے تین وکٹوں پر 181 رنز بنائے۔ کامران اکمل نے 104 رنز کی اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ رہے۔ میلان نے 36، سیموئلز نے 37 رنز بنائے۔ شاہد آفریدی صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ کراچی کنگز کی ٹیم 7 وکٹوں پر 157 رنز بنا سکی۔ بابر اعظم ایک، کرس گیل چالیس، سنگاکارا 15، شعیب ملک صفر، روی بوپارہ 6، کیرن پولارڈ 47، عماد وسیم 24 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ وہاب ریاض اور کرس جارڈن نے تین تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ شاہد آفریدی کیرن پولارڈ کا کیچ لینے کی کوشش میں زخمی ہوئے۔ شاہد آفریدی کا دایاں ہاتھ زخمی ہو گیا جس پر وہ گراﺅنڈ سے باہر چلے گئے۔ شاہد آفریدی کو ہاتھ میں 12 ٹانکے لگے ہیں جس کی وجہ سے شاہد آفریدی کی فائنل میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ عارضی پارکنگ سٹینڈز پر 8 ریونیو افسروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں۔ انتظامیہ کے مطابق فائنل کے روز سٹیڈیم کے اندر ریسٹورنٹس کے سوا کوئی دفتر بند نہیں ہو گا، شائقین کیلئے پارکنگ سے سٹیڈیم تک شٹل بس سروس کا خصوصی انتظام کیا جائے گا۔ دریں اثناءفائنل کیلئے بک میکرز نے بھی بڑے ہوٹلوں میں ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق موبائل فون ٹریس ہونے کے خطرے کے پیش نظر بکیز نے واٹس ایپ اور وائبر کا استعمال شروع کردیا ہے جبکہ ایک بک میکر نے دعوی کیا ہے کہ فائنل میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جوا ہوگا اور پاکستانی بکیز کو ممبئی اور کولکتہ سے ہاٹ لائن ملے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے فائنل کیلئے آسٹریلوی کمنٹیٹر لاہور پہنچ گئے ہیں جبکہ پی ایس ایل میں شامل 10 آفیشلز بھی لاہور پہنچ گئے ہیں۔ علاوہ ازیں فائنل کی ٹکٹس نہ ملنے اور بلیک میں فروخت ہونے کے خلاف گوجرانوالہ میں نجی سکول کے طلبہ وطالبات نے کلاسوں کا بائیکاٹ کر دیا۔ ادھر احاطہ سکول میں دھرنا بھی دیا۔ بنگلہ دیش کے سابق اوپنر انعم الحق نے پی ایس ایل کا لاہور میں فائنل کھیلنے کیلئے اپنے بورڈ سے این اوسی مانگ لیا ہے۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ہائی الرٹ صرف قذافی سٹیڈیم کیلئے نہیں، میٹرو بس سروس رات ایک بجے تک چلے گی، موبائل فون سروس بند نہیں کی جائے گی، عمران خان کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، عمران خان میچ دیکھنے نہیں آتے تو ٹھیک، منفی بات نہ کریں۔ فائنل کے موقع پر ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جی ایم میٹرو بس سروس عزیر شاہ نے بتایا کہ کل میٹرو بس سروس معطل نہیں ہو گی۔ سروس بند ہونے کے مقررہ وقت کے بعد تمام بسیں قذافی سٹیڈیم سٹیشن اور آس پاس پارک کی جائیں گی تاکہ جب میچ ختم ہو تو اس وقت شائقین کرکٹ کو قذافی سٹیڈیم سے لیکر اپنی اپنی منزل تک پہنچایا جا سکے۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے بھی فائنل دیکھنے کے لےے پہنچنے والے شہرےوں کے لےے پانچ اربن بس روٹس کی تنظےم نو کر دی ہے۔ ایدھی فاﺅنڈیشن کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ 30 ایمبولینسز قذافی سٹیڈیم اور اطراف میں کھڑی رہیں گی، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کل لاہور میں بارش کا امکان نہیں، شہر میں ہلکی ہوائیں چلتی رہیں گی۔ سٹی ٹریفک پولیس نے گاڑی کی خرابی یا کسی رہنمائی کے لئے ہیلپ لائن نمبر1915 بھی جاری کردیا۔ ٹکٹ ختم ہونے کے باوجود جمعہ کو بھی بنکوں کے باہر شائقین کرکٹ کا رش رہا، پولیس نے پنجاب بینک کی گلبرگ برانچ کے باہر بلیک میں ٹکٹیںفروخت کرنے والے نوجوان شیراز احمد سواتی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق نوجوان 500والی ٹکٹ 4ہزار میں فروخت کر رہا تھا۔ سکیورٹی انتظامات کے سلسلہ میں قذافی سٹیڈیم کے اطراف اور حدود میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کا داخلہ ممنوعہ قرار دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز بھی سرچ اینڈ سویپنگ کا عمل وقفے وقفے سے جاری رہا۔ سٹیڈیم کے داخلی اور خارجی راستوں تمام انکلوژرز اور دیگر مقامات کی بم ڈسپوزل سکواڈ اور سراغ رساں کتوں کے ذریعے چیکنگ کی گئی۔ ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق سٹیڈیم کے دروازے تین بجے کھول دئیے جائیں۔ فوج ، رینجرز اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میںتعینات ہوں گے، گزشتہ روز قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت تمام محکموں نے ہنگامی مشقیں کیں جس کے تحت کھلاڑیوں، آفیشلزاور غیر ملکی مہمانوں کو ہوٹل سے قذافی سٹیڈیم پہنچانے اور دوبارہ واپس لانے کے تناظر میں مشقےں کی گئیں ۔
سپر لیگ فائنل