• news

شبنم نئے فنکاروں کیلئے اکیڈمی کا درجہ رکھتی ہیں: میاں مجتبیٰ شجاع

لاہور (کلچرل رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ شبنم کی پاکستان فلم انڈسٹری کے لئے بہت خدمات ہیں، آج بھی پاکستان میں کروڑوں کی تعداد میں ان کے پرستار ہیں۔ نئے فنکاروں کے لئے شبنم ایک اکیڈمی کا درجہ رکھتی ہیں۔ ان کی اداکاری کا ایک منفرد انداز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلچرل جرنلسٹس فاﺅنڈیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام اداکارہ شبنم کے اعزاز میں الحمرا میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔ صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع نے مزید کہا کہ شبنم ابھی لاہور میں ہی ہیں اور حکومت پی ایس ایل کے فائنل کے بعد ان کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کرے گی۔ حکومت پنجاب ثقافت کے فروغ کیلئے نئے پروگرام ترتیب دے رہی ہے۔ اس کے علاوہ کلچرل پالیسی بھی بنائی جارہی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت پنجاب چاہتی ہے کہ جس طرح ہماری فلم انڈسٹری پہلے عروج پر تھی اسی طرح پھر عروج پر پہنچے۔ تقریب سے زریںپنا، بی جی، اصغر ندیم سید، صغریٰ صدف، ایم ارشد، منوبھائی، عثمان پیرزادہ، عرفان کھوسٹ، کیپٹن (ر) عطا محمد خان، موسیقار طافو اور راشد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شبنم کی خدمات قابل قدر ہیں۔ اداکارہ شبنم نے کہا کہ آج اس تقریب میں میری جتنی تعریفیں ہوئی ہیں میرے پاس شکریہ ادا کرنے کے لئے الفاظ کم ہیں۔ آج لوگوں کی محبت دیکھ کر میرا دل چاہ رہا ہے کہ پھر سے کام شروع کردوں۔ میں کلچرل جرنلسٹس فاﺅنڈیشن کی شکرگزار ہوں کہ اس نے اتنے شاندار پروگرام کا اہتمام کیا۔

ای پیپر-دی نیشن