پاکستان میں ای کامرس کا حجم 2020تک ایک ارب ڈالر سے بڑھ جائیگا‘ اسحاق ڈار
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ پاکستان میں ای کامرس تیزی سے فروغ پا رہی ہے اور 2020 تک پاکستان میںای کامرس کا حجم 1ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گا،ہر سال اس شعبے میں تجارت کے حجم میں دوگنا اضافہ ہورہا ہے، پاکستان میں ای کامرس کے فروغ کےلئے مناسب انفراسٹرکچر موجود ہے ، موبائل براڈ بینڈ کے صارفین میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اس تک 2کروڑ60لاکھ صارفین رسائی حاصل کر چکے ہیں ، پاکستان موبائل بینکنگ کے استعمال میں جنوبی ایشیا میں علاقائی لیڈر بن چکاہے۔ جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے چین کی آن لائن تجارتی کمپنی علی بابا گروپ کے میکس بٹنر کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ۔وفاقی وزیر خزانہ نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ علی بابا گروپ دنیا کی بہترین ای کامرس کمپنیوں میں شمار ہوتا ہے ۔عالمی تجارت میں ای کامرس کا کردار بڑھ رہا ہے۔انہوں نے علی بابا گروپ پر زوردیا کہ وہ پاکستان میں ڈیجیٹل ٹریڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کریں ۔وفد کے ارکان نے کہا کہ ان کو ڈیجیٹل پاکستان کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر خوشی ہے اور وہ پاکستان میں ای کامرس کی ترقی کےلئے کی جانے والی کوششوں کو تسلیم کرتے ہیں۔
ای کامرس